بھوپال:20؍ستمبر:وزیرسماجی انصاف اور معذور افرادبہبود مسٹر نارائن سنگھ کشواہا نے یکم اکتوبر کو عالمی یوم معمر افراد ریاست بھر میں وقار اور احترام کے ساتھ منانے کی ہدایات دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معمر افراد نے اپنے علم، تجربے اور محنت سے خاندان، معاشرے اور ملک کی ترقی میں اہم تعاون دیا ہے۔ ان کے احترام، سلامتی، صحت اور باوقار زندگی کے لیے حساس اور تعاون پر مبنی ماحول تیار کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
وزیر مسٹر کشواہا نے کہا کہ عالمی یوم معمر افراد کے پروگرام صرف رسمی انعقاد بن کر نہ رہ جائیں۔ ان میں معمر افراد کی زیادہ سے زیادہ اور فعال شرکت یقینی بناتے ہوئے ان سے بات چیت کی جائے اور ان کی ضروریات اور مسائل کے حل کی سمت بامعنی پہل کی جائے۔سماجی انصاف اور معذور افراد کی بہبود کے کمشنر مسٹر کے۔جی۔ تیواری نے تمام ضلع کلکٹروں، ضلع پنچایتوں کے چیف ایگزیکٹو افسران اور محکمہ کے جوائنٹ اور ڈپٹی ڈائریکٹروں کو اس سلسلے میں تفصیلی ہدایات جاری کی ہیں۔ سال 2026 میں عالمی یوم معمر افراد کی مقررہ تھیم “وقار کے ساتھ بڑھاپا: معمر شہریوں کے لیے نگہداشت اور تعاون کے نظام کو مضبوط بنانے کی اہمیت” کے مطابق اضلاع میں مختلف پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ اولڈ ایج ہومز میں مقیم اور دیگر بزرگ شہریوں کا احترام اور استقبال کیا جائے گا۔ ان سے بات چیت کرکے ان کی ضروریات اور مسائل کے بارے میں معلومات حاصل کی جائیں گی۔ معمر افراد کی فعال شرکت اور تفریح کے لیے کیرم، لڈو، شطرنج، گیت و موسیقی سمیت دیگر انڈور سرگرمیاں اور مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔
معمر شہریوں کو ڈیجیٹل طور پر بااختیار بنانے کے مقصد سے موبائل فون، انٹرنیٹ، ڈیجیٹل خدمات اور کمپیوٹر کے استعمال سے متعلق تربیتی اور بیداری کے کیمپ لگائے جائیں گے۔ نیشنل ہیلتھ مشن، ضلع اسپتال، سول ڈسپنسری اور کمیونٹی ہیلتھ سینٹروں کے تال میل سے خصوصی صحت جانچ کیمپ منعقد کیے جائیں گے۔ ان میں بلڈ پریشر، ذیابیطس، آنکھوں کے معائنے سمیت دیگر عام صحت کی جانچ کا انتظام کیا جائے گا۔
اضلاع میں 100 سال یا اس سے زیادہ عمر مکمل کرچکے بزرگ شہریوں کی شناخت کرکے انہیں “صد سالہ اعزاز” سے نوازا جائے گا۔ انہیں شال اور ناریل پیش کیے جائیں گے۔ والدین اور بزرگ شہریوں کی کفالت اور بہبود ایکٹ-2007 اور مدھیہ پردیش قواعد-2009 کے تحت دستیاب حقوق، امداد اور شکایات کے ازالے کے نظام کے بارے میں بھی معلومات دی جائیں گی۔ نسلوں کے درمیان فرق کم کرنے اور نوجوانوں میں معمر افراد کے تئیں احترام اور حساسیت پیدا کرنے کے لیے اسکول اور کالج کے طلبہ اور نوجوانوں کی شرکت سے مکالمے، ثقافتی اور تخلیقی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ معمر شہریوں کے مسائل اور شکایات کے فوری ازالے کے لیے چلائی جانے والی ایلڈر لائن ہیلپ لائن-14567 کی وسیع پیمانے پر تشہیر بھی کی جائے گی۔ ضلع سطح پر تشکیل دی گئی کمیٹیوں کا اجلاس منعقد کرکے معمر افراد کی بہبود، تحفظ اور بازآبادکاری سے متعلق معاملات کا جائزہ لیا جائے گا۔ پروگراموں میں وزرا، ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی اور دیگر عوامی نمائندوں کو بھی مدعو کیا جائے گا۔









