بھوپال، 13 ستمبر: مدھیہ پردیش میں مانسون نے ایک بار پھر زور پکڑ لیا ہے، جس کے نتیجے میں دارالحکومت بھوپال سمیت ریاست کے متعدد اضلاع میں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ اتوار کے روز اندور، اجین، کھرگون، کھنڈوا، دھار، رتلام، ہردا، جھابوا اور شاجاپور کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش درج کی گئی۔ بھوپال میں رات گئے ہوئی تیز بارش سے بڑے تالاب کی سطحِ آب بڑھنے پر رات 8 بجے بھدبھدا ڈیم کا ایک گیٹ کھولا گیا، جبکہ بھدبھدا سے پانی کی نکاسی کے باعث کلیاسوت ڈیم کے 11 میں سے 3 گیٹ (نمبر 2، 6 اور 7) کھول کر پانی کا اخراج شروع کیا گیا۔ دوسری جانب، ٹیکم گڑھ میں بھی زبردست بارش کے بعد بان سجارا ڈیم کی سطح 316.35 میٹر تک پہنچنے پر اس کے 4 گیٹ کھول کر 280 کیوبک میٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی چھوڑا جا رہا ہے، جس کے پیشِ نظر نشیبی علاقوں میں چوکسی بڑھا دی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے ریاست کے 18 اضلاع بشمول اندور، اجین، کھرگون، برہان پور، کھنڈوا، دیواس، ہردا، سیہور، نرمداپورم، بیتول، چھندواڑہ، پانڈھرنا، مندسور، رتلام، جھابوا اور علی راج پور میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شدید بارش کی وارننگ جاری کی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ 78 ملی میٹر بارش کھنڈوا کے ہرسود میں ریکارڈ کی گئی، جبکہ بیتول کے بھیم پور میں 73، دھار کے ترلا میں 65، بیتول میں 61.8، دھار میں 60.4، ستواس میں 54، مندسور کے شام گڑھ میں 52.6، بڑوانی کے نیوالی میں 49.6، اجین کے مہی پور میں 48 اور اندور کے دیپال پور میں 46.8 ملی میٹر بارش درج ہوئی۔ ریاست بھر میں ندی نالوں اور آبی ذخائر کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ بارش کے باعث شہریوں کو شدید گرمی اور حبس سے راحت ملی ہے۔