بھوپال، 12 ستمبر: دارالحکومت بھوپال میں اس سال گنیش اتسو کو ’’سوچھ اتسو‘‘ اور زیرو ویسٹ مہم کے تحت منایا جائے گا۔ میونسپل کارپوریشن کے ہیڈ کوارٹر اٹل بھون میں منعقدہ اجلاس کے دوران میئر مالتی رائے نے اعلان کیا کہ صفائی کے مقابلے کے تحت زیرو ویسٹ بنیاد پر جھانکی پنڈال سجانے اور منظم بھنڈارا کرنے والی 5-5 کمیٹیوں کو انعامات دیے جائیں گے، جن میں اول، دوم اور سوم آنے والی کمیٹیوں کے علاوہ دو دو تسلی بخش انعامات بھی شامل ہوں گے۔ میئر نے کہا کہ صفائی میں ہی پاکیزگی ہے اور عوام میں بیداری پیدا کرنے کے لیے یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے عملے کو تمام جھانکی کمیٹیوں کا باضابطہ رجسٹریشن کرانے کی ہدایت دی، ساتھ ہی گنیش وسرجن کے جلوس کے راستوں اور گھاٹوں کے بہتر انتظامات کے حوالے سے ہندو اتسو سمیتی اور دیگر کمیٹیوں کے عہدیداران سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔









