بھوپال:03؍ستمبر:وزیراعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے جمعرات کو گجرات کی دیو بھومی دوارکا کے مقدس دوارکادھیش مندر پہنچ کر اپنی اہلیہ کے ساتھ بھگوان شری دوارکادھیش کے ’ آلوکک روپ ‘کے درشن کیے اور رسم و رواج کے مطابق پوجا کر کے ان کا آشیرواد حاصل کیا۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے بھگوان دوارکادھیش سے تمام ریاستی عوام کی خوشی، خوشحالی اور فلاح و بہبود کی دعا کی۔ وزیراعلیٰ نے جمعہ کو منائی جانے والی جنم اشٹمی سے قبل ملک اور ریاست کے باشندگان کو بھگوان شری کرشن کے یوم پیدائش کے تہوار کی دلی مبارکباد اور نیک خواہشات دیں۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو کے ساتھ ان کی اہلیہ شریمتی سیما یادو اور دیگر اہل خانہ سمیت وزیراعلیٰ دفتر کے سکریٹری ڈاکٹر ایلیا راجا ٹی. بھی موجود تھے۔
میڈیا نمائندوں سے بات چیت
بھگوان شری دوارکادھیش کے درشن اور پوجا کے بعد مندر کے احاطے کے باہر مقامی میڈیا نمائندوں سے بات چیت میں وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ آج وہ اپنے پورے خاندان کے ساتھ دوارکا آئے ہیں۔ وزیراعظم مسٹر نریندر مودی کی رہنمائی میں مدھیہ پردیش کے اجین اور گجرات کی دوارکا نگری سمیت پورے ملک میں مسلسل مذہبی سیاحت کے نئے ریکارڈ قائم کیے جا رہے ہیں۔ اجین میں شری مہاکال لوک کی تعمیر کے بعد عقیدت مندوں کی تعداد 20 گنا بڑھ گئی ہے۔ موجودہ وقت میں تقریباً 10 کروڑ سے زیادہ یاتری اجین آ رہے ہیں۔ وزیراعظم مسٹر مودی کے ہاتھوں اجین میں بابا مہاکال لوک کے افتتاح کے بعد بنارس میں بھی کاشی وشوناتھ مندر کوریڈور تعمیر کیا گیا، جس سے بابا وشوناتھ کی نگری میں مذہبی سیاحت کو نئی بلندی ملی ہے۔
وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ دوارکادھیش مندر آدی شنکراچاریہ کے ذریعہ قائم سناتن تہذیب کے چار دھاموں میں سے ایک اہم تیرتھ ہے۔ جنم اشٹمی سے عین قبل بھگوان شری دوارکادھیش کے شاندار درشن کا موقع ملنا ہم سب کے لیے خوش قسمتی کی بات ہے۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ کچھ عرصہ پہلے ہی وہ سومناتھ دھام گئے تھے۔ اس کے بعد آج دوارکا کے مشہور شری دوارکادھیش مندر میں باقاعدہ درشن، پوجا اور ارچنا کی اور یہاں کی تمام انتظامات کا جائزہ لیا ہے۔ ہم بھی اپنے دیو استھانوں میں بہتر سے بہتر بندوبست کے تمام انتظامات کر رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ مدھیہ پردیش حکومت مسلسل مذہبی اور روحانی سیاحت کے فروغ کے لیے منصوبہ بند طریقے سے کام کر رہی ہے۔ ریاست کے تمام اہم مذہبی مقامات اور دیو استھانوں پر آسان آمدورفت، عقیدت مندوں کے قیام، ان کی حفاظت اور سیاحوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام ضروری بنیادی ڈھانچے کو تیزی سے ترقی دی جا رہی ہے۔
ہماری حکومت ہندوستانی تہذیب کے شاندار ماضی کو دوبارہ قائم کرنے کے لیے پْرعزم ہو کر کام کر رہی ہے۔