بھوپال:یکم؍ستمبر:نائب وزیراعلیٰ مسٹر راجیندر شکل نے منترالیہ میں محکمہ صحت عامہ اور طبی تعلیم کے مختلف موضوعات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے محکمہ کے انتظامات کو مزید مؤثر بنانے اور عام لوگوں کو وقت پر معیاری صحت خدمات فراہم کرانے کے سلسلے میں ضروری ہدایات دیں۔نائب وزیراعلیٰ مسٹر شکل نے ہدایت دی کہ ڈیوٹی پر تعینات ڈاکٹر مقررہ وقت پر حاضر رہیں۔ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ضروری نگرانی کے انتظامات مؤثر طریقے سے نافذ کیے جائیں۔ ڈاکٹروں کی حاضری اور کام کرنے کے طریقہ کار کی باقاعدہ نگرانی کا انتظام یقینی بنانے کی ہدایت بھی دی گئی۔
نائب وزیراعلیٰ مسٹر شکل نے ماہر ڈاکٹروں کی بھرتی کے عمل کو ترجیح کے ساتھ مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ میٹنگ میں محکمہ میں دیگر خالی عہدوں پر جاری بھرتی کے عمل کا بھی جائزہ لیا گیا۔نائب وزیراعلیٰ نے ضرورت کے مطابق بھرتی کے عمل کو تیز کرنے اور انسانی وسائل کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ میٹنگ میں پرنسپل سکریٹری صحت عامہ و طبی تعلیم، مسٹر سکھویر سنگھ اور کمشنر مسٹر دھن راجو ایس موجود رہے۔