بارہ بنکی :29؍اگست:(پریس ریلزی) یوں تو اردو زبان و ادب کی خدمت کے اعتراف میں مجھے ملک اور بیرون ملک میں عزت و احترام سے دیکھا گیا اور پزیرائی ہوئی۔ مگر اپنے وطن میں اپنوں کے درمیان جو آج میری عزت افزائی اور اعزاز مجھے دیا گیا ہے وہ میری پوری زندگی میں بہت اہم ہے۔ ان خیالات کا اظہار مشہور شاعر و ادیب ڈاکٹر انجم بارہ بنکوی نے اردو ٹیچرس ویلفیئر ایسوسی ایشن اتر پردیش کے ریاستی صدر عدیل منصوری کی رہائش گاہ رشیدہ امین منزل” بنکی میں ان کی آمد پر منعقد اعزازی نشست میں کیا.
صدر تقریب جناب طارق جیلانی نے اپنی صدارتی تقریر میں کہا کہ ڈاکٹر انجم صاحب جتنے عمدہ شاعر اور ادیب ہیں اتنے ہی نفیس انسان ہیں۔ مجھے بھوپال ان کے یہاں جانے کا موقع ملا تو ان کے بڑ پن اور انکساری کو شدت سے محسوس کیا۔عدیل منصوری نے کہا کہ یہ تنظیم اردو زبان و ادب کی خدمت کرنے والے معلم ،صحافی، شاعر ادیب اور سماجی کارکنوں کی حو صلہ افزائی کرتی رہتی ہے۔ ڈاکٹر انجم صاحب کی آمد پر ان کا اعزاز اسی کی ایک اہم کڑی ہے۔ ڈاکٹر انجم سے اپنے دیرینہ تعلقات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرے بڑے بھائی کی طرح ہیں۔ اردو کی ترویج و ترقی کے لیے ہم لوگ آپس میں مشورہ بھی کرتے ہیں۔ عدیل منصوری نے صدر کے ساتھ صاحب اعزاز کی گل پوشی اور یادگاری نشان اور اپنے دو مجموعے پیش کیے۔ ساتھ ہی ساتھ ان کے اعزاز میں ایک تاثراتی نظم بھی پیش کی ۔
نشست کا آغاز حافظ محمد حسان کی تلاوت کلام پاک سے ہوئی۔ اعزاز کے بعد ایک شعری نشست عدیل منصوری کی نظامت میں ہوئی جس میں یہ اشعار بے حد پسند کیے گئے۔
لوگ کردار کی خوشبو کو سراہیں شاید
ہم یہ تاثیر پسینے میں نہیں رکھتے ہیں
ڈاکٹر انجم بارہ بنکوی
ہم انساں ہیں بہت کچھ ہم سے اچھا ہو نہیں سکتا
مگر جتنا بھی بن پائے وہ اچھا کر لیا جائے
عرفان بارہ بنکوی
رنج و غم سب دور ہو جائیں گے ہے مجھ کو یقیں
آپ آ جائیں گے جب میری نظر کے سامنے
شعیب کامل
مجھے اکیلے سے گزارا نہیں ہوتا گھر کا
میرے بچے میرے مولا بھی کمانے لگ جائیں
ارشاد بارہ بنکوی
آج میں اپنے حریفوں کے ستم بھول گیا
تھا حریفوں کی حمایت میں میرا بھائی بھی
نفیس احمد پوری
تو دشمنوں میں بھی رہ کر بڑے امان میں ہے
نہ جانے کون سا جادو تیری زبان میں ہے
عدیل منصوری
اس موقع پر عبدالقدوس، محمد سالم، ماسٹر عتیق الرحمن، ماسٹر عرفان، محمد رفیع، محمد حسنین ،عبدالمجید، محمد حسین، محمد صہیب منصوری وغیرہ موجود رہے۔ آخر میں عدیل منصوری نے سبھی کا شکریہ ادا کیا۔