بھوپال ۔ 28/ اگست: “The Independence Edit 2026” کے نام سے 14، 15 اور 16 اگست کو ہوٹل تاج لیک فرنٹ، بھوپال میں منعقد ہوئی۔ یہ نمائش بیگمز آف بھوپال اور تاج گروپ کی جانب سے “خزانہ” کے زیرِ اہتمام منعقد کی گئی، جسے شہر کے آرٹ لورز نے بے حد پسند کیا۔
فیصل متین نے صرف 15 دنوں میں 12 پینٹنگز مکمل کیں، جن میں 2 آئل پینٹنگز—بھوپال لیک اور گوہر محل—جبکہ 10 پینٹنگز واٹر کلر میں تخلیق کی گئیں۔ ان فن پاروں میں صوباش چوک، پیر گیٹ پر یاسین محل، امامی گیٹ کا قدیم دروازہ، رائی سین کا قلعہ، فلیگ ہاؤس کوہِ فضا، تاج محل، بھدبھدا اور تاج ہوٹل سمیت بھوپال اور اطراف کی تاریخی و ثقافتی جھلکیاں نمایاں کی گئیں۔
یہ پینٹنگز نہ صرف بھوپال کے شاندار ماضی اور تاریخی ورثے کو اجاگر کرتی ہیں بلکہ فنِ مصوری کے ذریعے شہر کی ثقافتی شناخت کو محفوظ رکھنے کی ایک خوبصورت کوشش بھی ہیں۔
فیصل متین کا مشن:فیصل متین شہر کے ایک معروف اور ممتاز فنکار ہیں۔ ان کا بنیادی مشن یہ ہے کہ پرانے بھوپال کے تاریخی اور ثقافتی ورثے کو مصوری اور فنِون کے ذریعے عام لوگوں تک پہنچایا جائے اور انہیں اس قیمتی ورثے کو محفوظ رکھنے کے لیے بیدار کیا جائے۔
اسی مقصد کے تحت فیصل متین نے اپنی حالیہ پینٹنگز میں بھوپال کی متعدد تاریخی عمارتوں کو موضوع بنایا۔ ان کے فن پاروں میں زیادہ تر ایسی قدیم اور غیر مرمت شدہ (Untouched) عمارتوں کو شامل کیا گیا ہے جو آج بھی اپنے اصل تاریخی حسن اور ورثے کی نمائندگی کرتی ہیں۔
فیصل متین کا ماننا ہے کہ تاریخی عمارتوں کی تزئین و آرائش صرف انہیں نیا بنانے کے لیے نہیں ہونی چاہیے، بلکہ اس انداز میں ہونی چاہیے کہ ان کی اصل شناخت، تاریخی عظمت اور قدیم شان و شوکت برقرار رہے۔ شہر میں ہونے والے Renovation کے کام اس طرح کیے جائیں کہ یہ عمارتیں جدید شکل اختیار کرنے کے بجائے اپنی اصل تاریخی خوبصورتی اور ورثے کو برقرار رکھ سکیں۔
فیصل متین اپنی آنے والی نئی تخلیقات کے ذریعے بھی اس مہم کو جاری رکھیں گے۔ ان کا مقصد عوام کے ساتھ ساتھ متعلقہ اداروں اور حکومت کو بھی بھوپال کی ان تاریخی عمارتوں کی اہمیت اور حفاظت کے حوالے سے مسلسل بیدار کرنا ہے۔
تاریخی ورثے کو محفوظ رکھنا، اسے فن کے ذریعے زندہ رکھنا اور آنے والی نسلوں تک پہنچانا ہی فیصل متین کا مشن اور مقصد ہے۔