بھوپال:21؍اگست:ضلع میں گزشتہ روز ہوئی موسلا دھار بارش کے باعث ریوا میونسپل کارپوریشن کے کئی نشیبی اور اہم محلوں میں سیلاب جیسے حالات پیدا ہوگئے۔ بارش کا پانی رہائشی علاقوں میں پہنچنے سے عام زندگی متاثر ہوئی ہے۔ تاہم بارش رکنے کے بعد اب پانی کی سطح میں آہستہ آہستہ کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے، جس سے مقامی لوگوں نے راحت کی سانس لی ہے۔ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی ٹیمیں پوری طرح مستعد ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں راحت اور بچاؤ کا کام جنگی پیمانے پر جاری ہے۔
نائب وزیراعلیٰ مسٹر راجیندر شکل نے صبح ہوتے ہی خود زیرآب علاقوں میں پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سیلاب سے متاثرہ محلوں کا دورہ کیا اور متاثرہ خاندانوں کے گھروں تک پہنچ کر پانی بھرنے سے ہونے والے نقصان کا براہ راست معائنہ کیا۔ متاثرین سے بات چیت کرتے ہوئے نائب وزیراعلیٰ نے انہیں تسلی دی اور کہا کہ حکومت اور انتظامیہ پوری طرح آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔ عام لوگوں کی ہر مشکل کو دور کیا جائے گا۔ متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنا ہماری پہلی ترجیح ہے۔
نائب وزیراعلیٰ نے مختلف راحت کیمپوں کا معائنہ کیا، وہاں ٹھہرائے گئے متاثرہ لوگوں سے بات چیت کی اور انتظامات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے موقع پر موجود انتظامی افسران کو واضح ہدایات دیں کہ پانی بھرے محلوں سے فوری طور پر پانی نکالنے کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے ہدایت دی کہ راحت کیمپوں میں کھانے، صاف پینے کے پانی اور طبی سہولیات کا مناسب انتظام برقرار رہے۔ بچاؤ اور راحت کے کام کی رفتار تیز کرکے ہر ضرورت مند تک مدد پہنچائی جائے۔انہوں نے یقین دلایا کہ انتظامیہ کی ٹیمیں ہر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مسلسل نگرانی رکھے ہوئے ہیں اور پھنسے ہوئے لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچا کر ان کے مسائل کا فوری حل کیا جا رہا ہے۔