پریاگ راج 8اگست: لوک سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر اور کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے آج پریاگ راج میں منعقدہ ’چھاتروں کی گونج‘ پروگرام کے دوران مرکزی حکومت پر شدید حملہ کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ موجودہ مرکزی حکومت اور اس کی پالیسیوں کی وجہ سے ملک کا نوجوان آج بدحال ہیں، سسٹم نے انہیں ایک چکرویوہ میں پھنسا رکھا ہے۔ ملک کے نوجوانوں اور مسابقتی امتحانات کی تیاری کرنے والے طلبا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے تعلیمی نظام، بے روزگاری اور ڈاٹا کی طاقت پر کھل کر بات کی۔ اپنی تقریر کا آغاز کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ وہ بنیادی طور پر 3 چیزوں پر بات کرنا چاہتے ہیں… درد، ڈاٹا اور دولت۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ نوجوانوں کے درد اور ان کے ذریعے پیدا کیے جانے والے ڈاٹا کی بات کر رہے ہیں، لیکن آج اصل مسئلہ یہ ہے کہ جو دولت یا سرمایہ نوجوانوں کا ہونا چاہیے، وہ مرکزی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ان تک نہیں پہنچ رہا ہے۔ نوجوانوں کی تعریف کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ’’یہ آپ ہیں۔ آپ ہندوستان کی طاقت ہیں، ہندوستان کی شان ہیں، ہندوستان کی مضبوطی ہیں۔ میں بھیڑ کی بات نہیں کر رہا، ہر ایک شہری، ہر نوجوان کی بات کر رہا ہوں۔
آپ سب میں ذہانت، تخیل اور صلاحیت ہے۔ اگر یہ سسٹم آپ کو نہیں روکے گا، تو آپ کی طاقت پر ہی اس ملک کا مستقبل تعمیر ہوگا۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ہندوستان کے پاس دنیا کی سب سے بڑی نوجوان آبادی ہے۔ تقریباً 40 کروڑ پُرجوش نوجوان اس ملک میں رہتے ہیں، جن کی صلاحیت کے سامنے چین، امریکہ اور روس جیسے ممالک بھی کچھ نہیں ہیں۔









