بھوپال:05؍اگست:وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو کی ہدایت کے مطابق وزیرِ اعلیٰ جن وشواس مہم 2026 کا آغاز جمعہ 7 اگست سے ہوگا۔ محکمہ عام انتظامیہ نے تمام محکمہ جاتی سربراہان، کلکٹروں اور کمشنروں کو اس مہم کے لیے ضروری رہنما ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ علاقائی دوروں، معائنوں اوررابطہ عامہ پروگراموں کے ذریعے عام لوگوں کی شکایات کا فوری ازالہ، سرکاری منصوبوں کے مؤثر نفاذ کی نگرانی اور عوامی خدمات کی مقررہ مدت میں فراہمی کو یقینی بنانے کے مقصد سے ریاستی حکومت نے اس مہم کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے۔
ہر جمعہ کو چلائی جائے گی مہم:
یہ مہم 7 اگست 2026 سے 8 جنوری 2027 تک جاری رہے گی۔ اس مدت کے دوران ہر ہفتے کے پانچویں دن یعنی جمعہ کو مہم چلائی جائے گی۔ یہ بھی یقینی بنایا جائے گا کہ وزیرِ اعلیٰ جن وشواس مہم کے دن یعنی ہر جمعہ (ناگزیر حالات کے علاوہ) محکمہ جاتی سطح، محکمہ جاتی سربراہان، ڈویڑنل کمشنروں، ضلع کلکٹروں یا ضلعی محکمہ جاتی افسران کے ساتھ کسی بھی قسم کی آن لائن یا آف لائن جائزہ میٹنگ منعقد نہ کی جائے۔تمام محکموں کے سربراہان اور محکمہ جاتی سربراہان کے لیے لازم ہوگا کہ وزیرِ اعلیٰ جن وشواس مہم کی مدت کے دوران ہر جمعہ کو افسران فیلڈ کا دورہ کریں۔ ضلع اور علاقے کا انتخاب وہ اپنی انتظامی سہولت، محکمہ جاتی ضرورت اور ترجیح کے مطابق کر سکیں گے۔ اگر کسی ہفتے ناگزیر وجوہات کی بنا پر متعلقہ محکمہ کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری، پرنسپل سیکریٹری یا سیکریٹری فیلڈ دورہ کرنے سے قاصر ہوں تو اس کی پیشگی اطلاع چیف سیکریٹری کے دفتر کو دینا لازمی ہوگی۔ محکمہ جاتی سربراہان کے معاملے میں بھی اسی نوعیت کا انتظام متعلقہ ایڈیشنل چیف سیکریٹری، پرنسپل سیکریٹری یا سیکریٹری یقینی بنائیں گے۔
رابطہ، حل، حساسیت اور سادگی ہوں گے مہم کے بنیادی ستون
رابطہ، مسائل کا حل، حساسیت اور سادگی وزیرِ اعلیٰ جن وشواس مہم کے چار بنیادی ستون ہیں۔ شفاف اور جوابدہ انتظامیہ اس مہم کی اصل روح ہے۔ تمام افسران سے توقع کی گئی ہے کہ وہ مہم کے نفاذ کو اعلیٰ ترین ترجیح دیتے ہوئے ان ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔
شکایات اور درخواستوں کے سو فیصد ازالے پر زور:
محکمہ عام نتظامیہ کی ہدایات میں کہا گیا ہے کہ تمام محکموں کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ ہر ہفتے اپنے اپنے محکمے سے متعلق سی ایم ہیلپ لائن، جن سنوائی اور لوک سیوا گارنٹی ایکٹ کے تحت زیرِ التوا معاملات کا باقاعدگی سے جائزہ لیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ محکمہ یا محکمہ جاتی سربراہ کی سطح پر کوئی بھی شکایت غیر ضروری طور پر زیرِ التوا نہ رہے، جبکہ ضلعی سطح پر بھی شکایات اور درخواستوں کا مقررہ مدت میں سو فیصد ازالہ کیا جائے۔ محکمے کے ماتحت تمام محکمہ جاتی دفاتر کو یہ ہدایت بھی دی گئی ہے کہ ڈویڑنل سطح پر تعینات ایڈیشنل ڈائریکٹر، جوائنٹ ڈائریکٹر اور ڈپٹی ڈائریکٹر سطح کے افسران بھی ہر جمعہ کو لازماً اپنے دائر اختیار کے اضلاع میں محکمہ جاتی امور کے جائزے کے لیے مقررہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔
سادگی اور محدود گاڑیوں کے مشترکہ استعمال پر زور:
وزیرِ اعلیٰ جن وشواس مہم کے تحت دوروں اور دیگر پروگراموں کے دوران سادگی اور کفایت شعاری کا خاص خیال رکھا جائے گا۔ افسران اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ دورے پر روانگی کے وقت گاڑیوں کی تعداد محدود رہے اور حتیٰ الامکان مشترکہ گاڑیوں کے استعمال کو یقینی بنایا جائے۔ انتظامی محکمے کے ماتحت تمام محکمہ جاتی سربراہان، ماتحت دفاتر، ڈویڑنل اور ضلعی دفاتر کو اس سلسلے میں محکمہ جاتی سطح پر ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔









