بھوپال، 29 جولائی (یو این آئی) مدھیہ پردیش اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر امنگ سنگھار نے کسان تحریک کے حوالے سے کہا ہے کہ ریاست بھر سے بھوپال پہنچے ہزاروں کسان اپنے جائز مطالبات پر پرامن مظاہرہ کر رہے ہیں، لیکن حکومت ان کی بات سننے کے لیے تیار نہیں ہے۔مسٹر سنگھار نے آج جاری بیان میں کہا کہ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو کو کمیٹی بنا کر فیصلہ ٹالنے کے بجائے کسانوں کے مطالبات پر فوری طور پر ٹھوس فیصلہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے ریاست میں مونگ کی سو فیصد خریداری یقینی بنانے، کھاد کی تقسیم کے نظام میں فوری اصلاح کرنے اور کسانوں سے جڑے تمام التوا میں پڑے معاملات کا حل نکالنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں پیدل یاترا کرنا جرم نہیں، بلکہ ہر شہری کا آئینی حق ہے۔ حکومت کو انا چھوڑ کر بات چیت اور حساسیت کے ساتھ کسانوں کے مسائل کا حل نکالنا چاہئے۔ مسٹر سنگھار نے کہا کہ مدھیہ پردیش کانگریس کسانوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے اور ان کے ہر جائز مطالبے کی حمایت کرتی ہے۔
وہیں مدھیہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر جيتو پٹواری نے کہا ہے کہ کسانوں کی آواز دبانے کے بجائے حکومت کو ان کے مطالبات پر فوری بات چیت کر کے حل نکالنا چاہئے۔مسٹر پٹواری نے آج جاری بیان میں کہا کہ نربدا پورم کے برکھیڑا سے شروع ہوئی کسان کرانتی پیدل یاترا کا بھوپال پہنچنا اس بات کا ثبوت ہے کہ ریاست کا کسان حکومت کی پالیسیوں سے ناراض ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں کسان خاندان مونگ کی سو فیصد خریداری، کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) کی قانونی ضمانت، کھاد کی وافر دستیابی اور کسانوں سے جڑے دیگر معامالت پر دارالحکومت میں تحریک چلا رہے ہیں۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو اور مرکزی وزیر زراعت شیوراج سنگھ چوہان سے کسانوں کے مسائل پر جواب دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسان اپنی فصل کی مناسب قیمت اور کھاد کی دستیابی جیسے مطالبات کے لیے دارالحکومت تک پیدل آنے پر مجبور ہیں تو یہ حکومت کی پالیسیوں کی ناکامی کو ظاہر کرتا ہے۔
مسٹر پٹواری نے کہا کہ حکومت کو تحریک کو دبانے کے بجائے کسان تنظیموں سے فوری بات چیت کر کے ان کے مسائل کا حل نکالنا چاہئے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ انتخابات کے دوران کسانوں سے کیے گئے وعدے اب تک پورے نہیں کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کسانوں کی تحریک کی حمایت کرتی ہے۔ ساتھ ہی خبردار کیا کہ اگر کسانوں کے مطالبات کو نظر انداز کیا گیا تو عوامی غصہ مزید بڑھے گا۔ ریاستی کانگریس نے حکومت سے مونگ کی سو فیصد خریداری یقینی بنانے، ایم ایس پی کو قانونی ضمانت دینے کی سمت میں موثر پہل کرنے، کسانوں کو وافر مقدار میں کھاد فراہم کرنے، انتخابی وعدے وقت کے مطابق پورے کرنے اور کسان تنظیموں سے فوری بات چیت قائم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔









