کابل، 9 جولائی (یو این آئی) افغانستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ گیندباز شہپور زدران کا جسدِ خاکی ہندوستان سے کابل پہنچ گیا، جہاں اہلِ خانہ، ساتھی کرکٹرز، حکومتی عہدیداروں اور شائقین کی بڑی تعداد نے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے اور ہر آنکھ اشکبار تھی۔افغان کرکٹ بورڈ کے مطابق سابق فاسٹ گیندباز شہپور زدران کا جسدِ خاکی بدھ کے روز ہندوستان سے کابل پہنچا، جہاں وہ انتقال سے قبل زیرِ علاج تھے۔کابل انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر شہپور زدران کے جسدِ خاکی کے استقبال کے لیے اہلِ خانہ، رشتہ دار، دوست، حکومتی عہدیداروں اور افغانستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ایئرپورٹ پر خراجِ عقیدت پیش کرنے والوں میں افغانستان کی قومی ٹیم کے موجودہ اور سابق کھلاڑی بھی شامل تھے، جن میں راشد خان اور ابراہیم زدران نمایاں تھے۔جسدِ خاکی کی آمد کے موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے، جہاں ساتھی کرکٹرز نے تابوت کو احترام کے ساتھ ایک گاڑی تک پہنچایا۔ اس موقع پر ہر آنکھ اشکبار تھی۔









