زیورخ، 9 جولائی (یو این آئی) فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ برازیل اور جرمنی دونوں ٹیمیں کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے میں ناکام رہی ہیں، جسے عالمی فٹبال میں طاقت کے توازن میں بڑی تبدیلی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔برازیل پانچ مرتبہ (1958، 1962، 1970، 1994 اور 2002) جبکہ جرمنی چار مرتبہ (1954، 1974، 1990 اور 2014) ورلڈ کپ جیت چکے ہیں۔ اب تک ہونے والے 17 ورلڈ کپ میں سے 10 بار دونوں ٹیمیں ایک ساتھ کوارٹر فائنل تک پہنچی تھیں، لیکن 2026 کے ٹورنامنٹ میں پہلی مرتبہ دونوں اس مرحلے سے پہلے ہی باہر ہوگئیں۔1938، 1950، 2018 اور 2022 میں جرمنی جبکہ 1934، 1966 اور 1990 میں برازیل کوارٹر فائنل تک نہیں پہنچ سکا تھا، تاہم اس سے پہلے کبھی دونوں ٹیمیں ایک ہی ورلڈ کپ میں اتنی جلد باہر نہیں ہوئی تھیں۔موجودہ کوارٹر فائنل میں پہنچنے والی آٹھ ٹیموں میں ارجنٹینا (3)، فرانس (2)، انگلینڈ (1) اور اسپین (1) پہلے ورلڈ کپ جیت چکی ہیں، جبکہ بیلجیم، مراکش، سوئزرلینڈ اور ناروے اب بھی اپنے پہلے عالمی خطاب کی تلاش میں ہیں۔بیلجیم اور مراکش کبھی سیمی فائنل سے آگے نہیں بڑھ سکے، سوئزرلینڈ نے آخری بار 1954 میں کوارٹر فائنل کھیلا تھا، جبکہ ناروے پہلی مرتبہ پری کوارٹر فائنل سے آگے پہنچا ہے۔اس طرح 2026 کے ورلڈ کپ میں 2010 کے بعد پہلی بار کسی نئی ٹیم کے عالمی چیمپئن بننے کا امکان پیدا ہوگیا ہے، کیونکہ کوارٹر فائنل میں پہنچنے والی چار ٹیموں بیلجیم، مراکش، سوئٹزرلینڈ اور ناروے نے آج تک کبھی ورلڈ کپ کا ٹائٹل نہیں جیتا۔
ورلڈ کپ سے باہر ہونے کے بعد نیمار کے مستقبل پر بھی سوالیہ نشان
ریو ڈی جنیرو، 9 جولائی (یو این آئی): برازیل کے ورلڈ کپ سے پری کوارٹر فائنل میں باہر ہونے کے بعد اسٹار فٹبالر نیمار کے کلب کے مستقبل پر بھی غیر یقینی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ برازیلی میڈیا کے مطابق ان کے کلب سانتوس نے مستقبل کے بارے میں فیصلہ کرنے کے لیے انہیں چھٹی دے دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق سانتوس کے ساتھ نیمار کے معاہدے میں ابھی چھ ماہ باقی ہیں، تاہم بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد یہ سوال اٹھ رہا ہے کہ آیا وہ کلب کی سطح پر بھی کھیل جاری رکھیں گے یا نہیں۔
سانتوس انتظامیہ ان کے اور ان کے نمائندوں کے اشارے کی منتظر ہے۔
34 سالہ نیمار اس وقت اپنے خاندان کے ساتھ امریکہ میں ہیں اور انہیں کم از کم دس روز کی چھٹی دی گئی ہے۔ انہوں نے اتوار کو ناروے کے خلاف 2-1 کی شکست کے بعد برازیل کی قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ شکست کے بعد سوشل میڈیا پر نیمار کے والد نے بھی اشارہ دیا کہ ان کا بیٹا اپنے کلب سے متعلق کیریئر کے بارے میں غور کر رہا ہے۔ انہوں نے انسٹاگرام پر لکھا، “بیٹے، فٹبال کھیلنا جاری رکھو، گیند کے ساتھ کھیلنے کی خوشی دوبارہ محسوس کرو اور میدان میں پھر سے مسکراؤ۔” جنوری 2025 میں اپنے آبائی کلب سانتوس واپسی کے بعد نیمار نے تمام مقابلوں میں 43 میچ کھیلے ہیں۔ ورلڈ کپ میں وہ دو میچوں میں متبادل کھلاڑی کے طور پر میدان میں اترے اور ناروے کے خلاف پنالٹی پر ایک گول بھی کیا۔