ستنا، 8 نومبر (یواین آئی) بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی سپریمو مایاوتی نے جہاں کانگریس کو دلت مخالف قرار دیا، وہیں انہوں نے بدعنوانی کے لیے موجودہ بی جے پی حکومت کو ذمہ دار ٹھہرایا۔آج یہاں بی ٹی آئی گراؤنڈ میں منعقدہ عام اجلاس میں ستنا ضلع کی سبھی سات اسمبلی سیٹوں پر پارٹی امیدواروں کے لئے حمایت مانگتے ہوئے محترمہ مایاوتی نے کہا کہ سابق وزیر اعظم وی پی سنگھ نے منڈل کمیشن کی سفارشات کو لاگو کیا تھا، لیکن کانگریس نے دلتوں قبائلیوں اور استحصال زدہ و محروم لوگوں کے لئے کچھ نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ سورن ذاتوں میں بھی غریب ہیں، انہیں بھی معاشی بنیادوں پر ریزرویشن دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی تنہا الیکشن لڑ رہی ہے، بی ایس پی کا کسی سے کوئی معاہدہ نہیں ہے، اس لیے جھوٹے پروپیگنڈے سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔ پارٹی سروجن ہیتائے اور سروجن سکھائے کے مدے پر الیکشن لڑ رہی ہے۔ ہم کام کرنے پر یقین رکھتے ہیں اس لیے منشور جاری نہیں کرتے۔