اٹلانٹا:16؍جون:فیفا ورلڈ کپ میں پہلی بار شرکت کرنے والی کیپ ورڈے نے 2010 کی عالمی چیمپئن اسپین کو 0-0 کی برابری پر روک دیا۔ گروپ H کے ایک اور میچ میں سعودی عرب نے دو مرتبہ کی عالمی چیمپئن یوراگوئے کو بھی پوائنٹس تقسیم کرنے پر مجبور کر دیا۔ یہ مقابلہ 1-1 سے برابر رہا۔ اٹلانٹا اسٹیڈیم میں منگل کو کھیلے گئے گروپ H کے پہلے میچ میں اسپین کا مکمل غلبہ رہا، لیکن 2010 کی عالمی چیمپئن ٹیم کیپ ورڈے کے 40 سالہ گول کیپر ووزینیا (Vozinha) اور مضبوط دفاعی لائن کو عبور نہ کر سکی۔ اسپین نے 74 فیصد بال پوزیشن اپنے پاس رکھی اور 27 شاٹس لگائے، مگر کوئی گول نہ کر سکی۔دوسری جانب فلوریڈا کے میامی اسٹیڈیم میں یوراگوئے نے گول کرنے کی 29 کوششیں کیں، جن میں سے 11 شاٹس ہدف پر تھے۔ تاہم سعودی عرب کے گول کیپر محمد العویس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 10 مواقع پر کامیاب بچاؤ کیا اور اپنی ٹیم کو ایک قیمتی پوائنٹ دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔









