ایوین (فرانس)، 16 جون (یو این آئی) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے منگل کو لبنان میں حزب اللہ کے خلاف اسرائیل کی فوجی کارروائی کی رفتار پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن کو بہت تیزی سے مکمل کیا جانا چاہئے تھا۔مسٹر ٹرمپ نے یہ تبْصرے فرانسیسی شہر ایوین میں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کے دوران کہے۔ یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب علاقائی سیاست میں امریکہ اور ایران کے درمیان حالیہ مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر نئے سرے سے تناؤ دیکھا جا رہا ہے۔مسٹر ٹرمپ اور نائب صدر جے ڈی وینس نے اتوار کو اس معاہدے پر ڈیجیٹل طور پر دستخط کیے جب کہ ایران کی طرف سے پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر غالب نے دستخط کیے۔ جی-7 سربراہی اجلاس کے لیے امریکہ، برطانیہ، فرانس، جرمنی، کینیڈا، اٹلی اور جاپان کے رہنما ایوین میں جمع ہوئے ہیں۔ اجلاس میں یورپی یونین اور یوکرین کے نمائندوں کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔مسٹر ٹرمپ نے قطر کے امیر کے ساتھ بات چیت کے دوران کہا کہ ” میں لبنان اور حزب اللہ کے بارے میں اسرائیل کے رویہ سے خوش نہیں ہوں۔” ” انہیں یہ بہت تیزی سے کرنا چاہیے تھا۔” انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ طول پکڑتا جا رہا ہے اور جب ایسا ہوتا ہے تو اس سے ایران کے ساتھ طے پانے والے بڑے معاہدے پر اثر پڑتا ہے۔یوکرین جنگ کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ اس تنازع کو ختم کرنے کے لیے اپنی کوششیں تیز کرے گا۔ “میں ہر ممکن کوشش کروں گا،” انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ معاہدے کے بعد امریکہ اب یوکرین کے بحران پر زیادہ توجہ مرکوز کرے گا۔جی-7 سربراہی اجلاس کے دوران عالمی رہنماؤں کے درمیان ایران امریکہ معاہدے پر بات چیت جاری رہی۔ مسٹر ٹرمپ فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کی پہل پر تین عرب ممالک کے رہنماؤں سے بھی ملاقات کرنے والے ہیں۔
سی این این کے مطابق مسٹر ٹرمپ نے کہا کہ وہ منگل کو یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی سے بھی ملاقات کریں گے اور روس پر زور دیں گے کہ وہ جنگ کے خاتمے کے لیے سمجھوتہ کرے۔ سی این این کے مطابق، مسٹر ٹرمپ نے کہا، “روس کو سمجھوتہ کرنا چاہیے۔ روس نے بہت سے لوگوں کو کھو دیا ہے، اور اسی طرح یوکرین بھی،”
انہوں نے کہا کہ اب جب کہ ایران کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا ہے، وہ روس یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ مسٹر ٹرمپ اور دیگر جی-7 رہنماؤں نے سربراہی اجلاس کے اجلاس میں مسٹر زیلنسکی کے ساتھ ایک مشترکہ میٹنگ بھی کی۔