نئی دہلی19مئی: نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا (این ایس یو آئی) نے آج راجدھانی دہلی کے شاستری بھون کے باہر مرکزی حکومت، وزارت تعلیم اور نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) کے خلاف تالی-تھالی احتجاج کیا۔ احتجاج کے دوران، کارکنان نے حکومت پر الزام لگایا کہ وہ نیٹ پیپر لیک، سی بی ایس ای کے او ایس ایم مدعے اور تین زبانوں کی پالیسی کے تعلق سے حکومت پر طلبا کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کر رہی ہے۔ احتجاجی مظاہرے میں طلبہ کے کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی، تالیاں بجائیں اور پلیٹیں بجا کر ’گو دھرمیندر گو‘، ’گو این ٹی اے گو‘ اور ’گو بی جے پی گو‘ جیسے فلک شگاف نعرے لگائے۔ این ایس یو آئی کے لیڈران نے کہاکہ امتحانات سے متعلق جاری تنازعات اور تعلیمی پالیسیوں سے متعلق الجھنوں نے طلباء اور والدین میں تشویش پیدا کر دی ہے۔ این ایس یو آئی نے الزام لگایا کہ نیٹ امتحان کے ارد گرد جاری بے ضابطگیوں اور تضادات نے لاکھوں طلباء کے اعتماد کو ختم کر دیا ہے۔ امتحانی عمل میں شفافیت اور جوابدہی کے فقدان نے طلبہ کا مستقبل خطرے میں ڈال دیا ہے۔ این ایس یو آئی نے مطالبہ کیا کہ نیٹ تنازعہ کی غیر جانبداری سے جانچ کی جائے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کو دوبارہ رونما ہونے سے روکا جا سکے۔ احتجاج کے دوران این ایس یو آئی نے سی بی ایس ای کے او ایس ایم کے بارے میں بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ 12ویں جماعت کے طلباء کو ابہام اور تکنیکی مسائل کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے۔ این ایس یو آئی نے مطالبہ کیا کہ سی بی ایس ای جلد از جلد صورتحال کو واضح کرے اور متاثرہ طلبہ کو راحت فراہم کرے تاکہ ان کے تعلیمی مستقبل پر منفی اثر نہ پڑے۔
ایران کسی کے سامنے سر نہیں جھکائے گا، مسعود پزشکیان
تہران،19 مئی (یواین آئی ) ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا کہنا ہے کہ ایران کسی کے سامنے سر نہیں جھکائے گا۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا انفارمیشن کونسل اجلاس میں کہنا تھا کہ کسی بھی قیمت پر قومی وقار پر سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔
اُنہوں نے کہا کہ دشمن جنگ میں ناکامی کے بعد اب عوام اور حکام میں پھوٹ ڈالنے کی کوشش کررہا ہے۔









