بھوپال، 23 فروری (رپورٹر) بھوپال میں ضلع انتظامیہ نے ملاوٹ کے خلاف مہم شروع کی ہے۔ اس کے تحت مسلسل کارروائی کی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ خوراک نے جمعہ کی صبح گوالیار سے بھوپال آنے والے 31.50 کوئنٹل ماوا اور 6.50 کوئنٹل پنیر ضبط کیا ہے۔معلومات کے مطابق گوالیار سے غیر معیاری ماوا اور پنیر کی کھیپ کی آمد کی اطلاع ملنے پر کلکٹر کوشلیندر وکرم سنگھ کی ہدایات کے مطابق فوڈ سیفٹی افسران نے نوبہار سبزی منڈی میں گاڑی نمبر ایم پی 07۔ جی بی 0531 کی جانچ کی۔ ٹرک میں 79 ڈلیا (تقریباً 31.50 کوئنٹل) ماوا اور 13 پیکٹ (تقریباً 6.50 کوئنٹل) پنیر پائے گئے۔غیر معیاری ہونے کے خدشے کے پیش نظر ماوا کے چھ اور پنیر کے دو نمونے اکٹھے کر کے اسٹیٹ فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری بھوپال کو بھیجے گئے۔ نامزد افسر دیویندر کمار ورما کی ہدایات کے مطابق رپورٹ موصول ہونے تک ماوا اور پنیر کی پوری مقدار کو ضبط کرکے کولڈ اسٹوریج میں رکھا گیا ہے تاکہ یہ جلد گلنے نہ پائے۔ جانچ رپورٹ کی بنیاد پر ضبط شدہ ماوا اور پنیر کی فروخت/ تلف کرنے کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔