ڈربن، 15 اپریل (یو این آئی) آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں اب دو ماہ سے بھی کم وقت باقی ہے۔ گزشتہ ایڈیشن کی رنر اپ جنوبی افریقہ اور موجودہ آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ فاتح ہندوستان، جون میں ہونے والے اس عالمی میگا ایونٹ سے قبل اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دینا چاہیں گے۔آنے والا ٹورنامنٹ اب تک کا سب سے بڑا ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ ہوگا، جو ریکارڈ انعامی رقم کے لیے کھیلا جائے گا۔ ہندوستان اور جنوبی افریقہ دونوں ٹورنامنٹ کے گروپ ‘اے کا حصہ ہیں اور 21 جون کو مانچسٹر میں ان کا آمنا سامنا ہونا ہے۔
دونوں ٹیمیں مختلف مواقع پر ٹائٹل جیتنے کے قریب پہنچی ہیں۔ ہندوستان، آسٹریلیا میں 2020 کے ایڈیشن میں فائنلسٹ رہا تھا، جبکہ جنوبی افریقہ 2023 اور 2024 کے ایڈیشنز میں رنر اپ رہا۔ آئی سی سی کے مطابق، اس تاریخی پس منظر اور ہر ٹیم کے پاس موجود کھلاڑیوں کے معیار کو دیکھتے ہوئے، یہ ورلڈ کپ ان بہترین ٹیموں کے لیے اپنی قابلیت ثابت کرنے کا سنہری موقع بن گیا ہے۔ ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ میں تاریخی جیت نے ہندوستان کو بالآخر سینئر ویمنز گیم میں اپنی پہلی آئی سی سی ٹرافی جیتنے میں مدد دی تھی۔ہرمن پریت کور کی ٹیم اب انگلینڈ میں اپنا پہلا ٹی 20 ورلڈ کپ جیت کر ایک بار پھر تاریخ رقم کرنے کا ہدف رکھے گی۔ ‘ویمن ان بلیونے اپنی ٹیم میں کچھ بڑی تبدیلیاں کی ہیں، جس میں تیز گیند بازی کو تقویت دینے کے لیے نوجوان تیزگیندباز کاشوی گوتم کو شامل کیا گیا ہے۔ وہ رینوکا سنگھ، اروندھتی ریڈی اور کرانتی گوڑ کے ساتھ پیس اٹیک سنبھالیں گی۔ اپنی عمدہ گیند بازی کے علاوہ، کاشوی گیند کو کافی دور تک مارنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، جیسا کہ فروری میں آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کے دوران ان کے کیریئر کی بہترین 43 رنز کی اننگز سے ظاہر ہوتا ہے۔ گوتم ابھی ٹی 20 فارمیٹ میں ان کیپڈ کھلاڑی ہیں، اور آنے والی سیریز کے دوران ہندوستان انہیں میدان میں اتار سکتا ہے۔ ایک اور اہم نام انوشکا شرما کا ہے، جو ایک زبردست آل راؤنڈر ہیں اور ویمنز پریمیئر لیگ میں گجرات جائنٹس کی نمائندگی کر چکی ہیں۔اما چھیتری، جو گزشتہ بار ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ میں ہندوستان کے لیے کھیلی تھیں، انہیں بھی رچا گھوش کے بیک اپ کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ سری لنکا اور آسٹریلیا کے خلاف حالیہ میچوں میں اچھے نتائج کے بعد، ہندوستان مئی میں انگلینڈ کے خلاف دو طرفہ سیریز سے قبل اپنے آخری 15 کھلاڑیوں کو منتخب کرنے کی کوشش کرے گا۔
ٹی 20 سیریز کا شیڈول:17 اپریل، پہلا ٹی 20 – کنگز میڈ، ڈربن،19 اپریل، دوسرا ٹی 20 – کنگز میڈ، ڈربن،22 اپریل، تیسرا ٹی 20 – وانڈررز، جوہانسبرگ،25 اپریل، چوتھا ٹی 20 – وانڈررز، جوہانسبرگ،27 اپریل، پانچواں ٹی 20 – ویلومور پارک، بینونی۔









