کولکاتا 5اپریل: مغربی بنگال میں انتخابات کی سرگرمیاں عروج پرہیں لیکن لاکھوں ووٹروں پر تلوار لٹک رہی ہے۔ ووٹر لسٹ سے ہٹائے گئے 23 لاکھ سے زائد ووٹر غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہیں ۔ ایس آئی آر کے بعد جن ووٹروں کے نام فہرست سے نکالے گئے تھے ان کی اپیلوں کی سماعت کے لیے بنائے گئے ٹربیونل ابھی تک کام نہیں کر سکے ہیں۔ نتیجتاً ان ووٹروں کے لیے امداد کے حصول کا وقت تیزی سے ختم ہوتا جا رہا ہے۔ انتخابات کا پہلا مرحلہ 23 ​​اپریل کو ہے اور کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 6 اپریل کو سہ پہر 3 بجے ہے۔ الیکشن کمیشن کے ضوابط کے مطابق اس وقت تک متعلقہ حلقوں کی ووٹر لسٹوں کو بھی حتمی روپ دیا جائے گا۔
اس کا مطلب یہ ہے کہ پہلے مرحلے میں 152 نشستوں کے لیے ووٹر لسٹیں پیر کی سہ پہر تک جاری کر دی جائیں گی، ممکنہ طور پر لاکھوں ووٹروں کے لیے اپیل کرنے کے دروازے بند ہو جائیں گے۔ اعداد و شمار کے مطابق، زیر التواء60 لاکھ معاملوں میں تقریباً 52 لاکھ کو حل کر لیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے 700 سے زیادہ جوڈیشل افسران کو تعینات کیا گیا تھا، اس عمل کا آغاز فروری کے آخر میں ہوا۔ ان میں سے تقریباً 55 فیصد کیسز درست اور ووٹر لسٹ میں شامل پائے گئے جبکہ 45 فیصد کو مسترد کر دیا گیا۔
یہی 45فیصد معاملات اب تنازعات کا مرکز بن چکے ہیں۔ تقریباً 23.4 لاکھ افراد کو ان کے حق رائے دہی سے محروم رکھا گیا ہے اور انہیں اپیلٹ ٹریبونل میں اپیل کرنے کا حق حاصل ہے۔ تاہم، ٹریبونل کو چلانے کے لیے درکار بنیادی ڈھانچہ اور ریٹائرڈ ججوں کی تقرری ابھی تک مکمل نہیں ہوسکی ہے، جس سے اس پورے عمل پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔