بلاوایو،15 جنوری (یو این آئی ) ہندوستانی انڈر-19 ٹیم نے اپنے پہلے عالمی کپ مقابلے میں امریکہ کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ (DLS) کے تحت 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ اس فتح کے ہیرو فاسٹ بولر ہینل پٹیل رہے جنہوں نے امریکی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کر دیا۔
ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ امریکہ کی پوری ٹیم 35.2 اوورز میں صرف 107 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ہینل پٹیل نے 7 اوورز میں صرف 16 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں اور ‘پلئیر آف دی میچ قرار پائے۔ ویبھو سوریہ ونشی، دیپیش دیویندرن اور اکھلن پٹیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔امریکہ کی جانب سے نتیش سودینی 36 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ ٹیم کے 7 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔
بارش کی وجہ سے ہندوستان کو 37 اوورز میں 96 رنز کا نظرثانی شدہ ہدف دیا گیا۔ ہندوستان کا آغاز اچھا نہ رہا اور ٹاپ آرڈر کے 3 کھلاڑی جلد آؤٹ ہو گئے۔ابھی گیان کنڈو نے مشکل وقت میں ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور 41 گیندوں پر 42 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی (5 چوکے اور 1 چھکا)۔ہندوستان نے ہدف 17.2 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ کنشک چوہان 10 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ہندوستان کے اسٹار بلے باز ویبھو سوریہ ونشی صرف 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد کپتان آیوش مہاترے بھی 19 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ تاہم، ابھی گیان اور وہان ملہوترا کی 45 رنز کی شراکت نےہندوستان کی جیت کی بنیاد رکھی۔