نئی دہلی، 13 جنوری (یو این آئی ) ویسٹ انڈیز نے افغانستان کے خلاف دبئی میں 19 سے 22 جنوری تک ہونے والی تین میچوں کی ٹی20 سیریز کے لیے 16 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ کوئنٹن سیمپسن کو پہلی بار بین الاقوامی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔باقاعدہ کپتان شی ہوپ کی غیر موجودگی میں برینڈن کنگ ٹیم کی قیادت کریں گے۔ ہوپ، روسٹن چیز، عقیل حسین اور شیرفین رتھرفورڈ ایس اے20 مصروفیات کے باعث سیریز میں حصہ نہیں لیں گے۔سی پی ایل 2025 میں شاندار کارکردگی دکھانے والے سیمپسن نے نو میچوں میں 241 رنز بنائے تھے۔ شمار جوزف اور ایون لوئس فٹ ہو کر ٹیم میں واپس آئے ہیں، جبکہ الجزاری جوزف کو احتیاطاً شامل نہیں کیا گیا۔ ورک لوڈ مینجمنٹ کے تحت روومین پاول، جیسن ہولڈر اور روماریو شیفرڈ کو آرام دیا گیا ہے۔ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی کے مطابق یہ سیریز آئندہ ٹی20 ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے اہم ہوگی۔ ٹیم 14 جنوری کو کیریبین سے روانہ ہوگی۔انہوں نے کہا ایشائی کنڈیشنز میں افغانستان جیسی ٹیم کے خلاف کھیلنا ہمارے کھلاڑیوں کے لیے بہترین تجربہ ہوگا۔ یہ ان کھلاڑیوں کو پرکھنے کا بھی موقع ہے جو حالیہ عرصے میں زیادہ کرکٹ نہیں کھیل سکے۔
برینڈن کنگ (کپتان)، ایلک اتھانازے، کے سی کارٹی، جانسن چارلس، میتھیو فورڈ، جسٹن گریوز، شمرون ہٹمائر، عامر جانگو، شمر جوزف، ایون لوئس، گڈاکیش موتی، خیری پیئرے، کوئنٹن سیمپسن، جیڈن سیلز، ریمَن سمنڈز، شمر اسپرنگر۔







