دمبولا،12 جنوری (یواین آئی )سری لنکا نے تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری اور فیصلہ کن معرکے میں پاکستان کو 14 رنز سے ہرا کر سیریز برابر کر دی۔ بارش سے متاثرہ اس میچ کو 12 اوورز تک محدود کیا گیا تھا، جہاں میزبان ٹیم کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بلے باز ناکام رہے۔دمبولا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ کا ٹاس بارش کے باعث تاخیر کا شکار ہوا۔ پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، لیکن سری لنکن بلے بازوں نے اس فیصلے کو غلط ثابت کر دیا۔ مختصر فارمیٹ کے اس میچ میں سری لنکا نے مقررہ 12 اوورز میں دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے 161 رنز کا بڑا مجموعہ ترتیب دیا۔داسن شناکا صرف 9 گیندوں پر 5 چھکوں کی مدد سے 34 رنز بنا کر نمایاں رہے۔کوسل مینڈس نے30 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔ محمد وسیم نے 3 وکٹیں تو حاصل کیں لیکن 3 اوورز میں 54 رنز دے ڈالے۔ محمد نواز اور فہیم اشرف نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔162 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز اچھا نہ رہا۔ صاحبزادہ فرحان محض 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
تاہم، کپتان سلمان علی آغا نے محاذ سنبھالا اور میدان کے چاروں اطراف شاٹس کھیل کر میچ کو دلچسپ بنا دیا۔سلمان آغا نے 12 گیندوں پر 45 رنز (5 چوکے، 3 چھکے) بنائے۔خواجہ نافع اور محمد نوازنے بالترتیب 26 اور 28 رنز بنا کر کچھ امید جگائی، لیکن اہم مواقع پر وکٹیں گرنے سے ٹیم دباؤ کا شکار ہو گئی۔ صائم ایوب 6 رنز بنا کر جدوجہد کرتے نظر آئے جبکہ عثمان خان ایک بار پھر ناکام رہے اور صرف 1 رن بنا سکے۔پاکستان کو آخری 2 اوورز میں جیت کے لیے 30 رنز درکار تھے، جو کہ 12 اوورز کے میچ میں ممکن نظر آ رہے تھے، لیکن سری لنکن بولرز نے نپی تلی بولنگ کرتے ہوئے پاکستانی بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔ پاکستان کی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنا سکی۔پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی، جبکہ دوسرا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔ تیسرے میچ میں سری لنکا کی جیت کے بعد سیریز 1-1 سے برابری پر ختم ہوئی۔









