فاطمہ شیخ ہندوستان کی تعلیمی اور سماجی تاریخ کا وہ روشن نام ہیں جنہیں طویل عرصے تک نظرانداز کیا گیا۔ وہ نہ صرف بھارت کی پہلی مسلم خاتون ٹیچر تھیں بلکہ ملک کی اولین خواتین پرنسپل میں بھی شمار کی جاتی ہیں۔ انہوں نے انیسویں صدی میں اس دور میں تعلیم کی شمع روشن کی جب عورت، دلت اور اقلیتی طبقات کے لیے علم کے دروازے بند سمجھے جاتے تھے۔
ساوتری بائی پھولے کے ساتھ تاریخی رفاقت
فاطمہ شیخ نے مہاتما جیوتی باپھولے اور ساوتری بائی پھولے کے ساتھ مل کر خواتین اور دلت بچوں کی تعلیم کے لیے جدوجہد کی۔ جب ساوتری بائی پھولے کو سماجی مخالفت، تضحیک اور تشدد کا سامنا کرنا پڑا تو فاطمہ شیخ ان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی رہیں۔ یہی نہیں، فاطمہ شیخ کے گھر سے ہی پہلا گرلز اسکول شروع ہوا، جہاں دونوں خواتین نے مل کر طالبات کو تعلیم دینا شروع کیا۔
تعلیم سب کے لیے: مذہب، ذات اور جنس سے بالاتر
فاطمہ شیخ کا ماننا تھا کہ تعلیم کسی ایک طبقے یا مذہب کی میراث نہیں بلکہ ہر انسان کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے مسلم، دلت، شودر اور غریب بچیوں کی تعلیم پر خاص توجہ دی۔ اس دور میں ایک مسلم خاتون کا اس سماجی اصلاحی تحریک کا حصہ بننا غیر معمولی جرأت اور بصیرت کی مثال تھا۔
تعلیم کیوں ضروری ہے؟
تعلیم وہ چابی ہے، جو بند دروازوں کو کھولتی ہے۔ تعلیم وہ روشنی ہے، جو اندھیرے کو مٹاتی ہے۔
تعلیم سے ہمیں ملتا کیا ہے؟
عزت، اعتماد،اعزاز یہ سب تعلیم ہی سے ملتا ہے۔ تعلیم کے بنا انسان ادھورا ہے۔ ہم سب کو چاہئے تعلیم کو اپنائیں اور دوسروں تک پہنچائیں۔ کیوں کی تعلیم ہی سے زندگی کا مقصد سمجھ آتا ہے۔
پہلی مسلم خاتون پرنسپل
تعلیم کے میدان میں ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر فاطمہ شیخ کو اسکول کی پرنسپل کی ذمہ داری بھی سونپی گئی، جو اس زمانے میں کسی مسلم خاتون کے لیے ایک تاریخی کامیابی تھی۔ وہ نہ صرف تعلیمی نظم و نسق سنبھالتی تھیں بلکہ طالبات کی اخلاقی، سماجی اور فکری تربیت پر بھی خصوصی توجہ دیتی تھیں۔
تاریخ کا خاموش کردار
افسوس کا مقام ہے کہ فاطمہ شیخ جیسی عظیم خاتون کو ہماری تاریخ میں وہ مقام نہیں دیا گیا جس کی وہ حقدار تھیں۔ نصابی کتابوں، عوامی مباحث اور سماجی یادداشت میں ان کا ذکر بہت کم ملتا ہے، حالانکہ خواتین کی تعلیم، سماجی انصاف اور بین المذاہب ہم آہنگی کی بنیاد رکھنے والوں میں ان کا کردار ناقابلِ فراموش ہے۔
آج کے دور میں فاطمہ شیخ کی معنویت
آج جب تعلیم، مساوات اور اقلیتوں کے حقوق پر بحث جاری ہے، فاطمہ شیخ کی زندگی ہمیں یہ پیغام دیتی ہے کہ تعلیم ہی سماجی تبدیلی کا سب سے مؤثر ہتھیار ہے۔ وہ ہندو-مسلم یکجہتی، خواتین کے وقار اور محروم طبقات کے حقِ تعلیم کی زندہ مثال تھیں۔ فاطمہ شیخ صرف ایک نام نہیں بلکہ ایک فکر، ایک تحریک اور ایک عہد ہیں۔ ایسا عہد جو ہمیں یاد دلاتا ہے کہ سماج کی تعمیر خاموش مگر مضبوط کرداروں سے ہوتی ہے۔