بھوپال، 18 فروری (یو این آئی) مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اور کانگریس کے سینئر لیڈر کمل ناتھ کے ’’کمل‘‘ کا ساتھ جڑنے کی قیاس آرائیوں کے درمیان کانگریس کے سینئر لیڈر دگ وجے سنگھ نے آج کہا کہ انہیں نہیں لگتا کہ مسٹر کمل ناتھ پارٹی چھوڑیں گے۔راجیہ سبھا ایم پی مسٹر سنگھ نے یہاں میڈیا کے سوالات کے جواب میں کہا کہ مسٹر کمل ناتھ جیسے شخص نے اپنے کیریئر کا آغاز کانگریس سے کیا تھا۔ انہیں مسز اندرا گاندھی کا تیسرا بیٹا سمجھا جاتا تھا۔ انہوں نے ہمیشہ کانگریس کا ساتھ دیا۔ وہ کانگریس کے ایک ستون رہے۔ مرکزی حکومت میں وزیر رہے۔ تنظیم میں جنرل سیکرٹری رہے۔ ریاستی صدر بنے اور پھر وزیر اعلیٰ بھی بنے۔ انہیں تمام عہدے مل چکے ہیں۔ مسٹر سنگھ نے کہا کہ اس لیے انہیں نہیں لگتا کہ وہ کانگریس چھوڑیں گے۔مسٹر سنگھ نے کہا کہ جس طرح ہر کوئی “ای ڈی، آئی ٹی اور سی بی آئی” کے دباؤ میں ہے، یہ ان (مسٹر کمل ناتھ) پر بھی ہے لیکن مسٹر کمل ناتھ کا کردار دباؤ کے سامنے جھکنے والا نہیں رہا۔ اسی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مسٹر کمل ناتھ کہہ چکے ہیں کہ جوائن نہیں کیا اور استعفیٰ نہیں دیا”۔ پھر مزید کیا وضاحت چاہتے ہیں۔قبل ازیں کل مسٹر سنگھ نے جبل پور میں کہا تھا کہ انہوں نے خود مسٹر کمل ناتھ سے بات کی ہے اور وہ کانگریس نہیں چھوڑیں گے۔دریں اثنا مسٹر کمل ناتھ کل سے دہلی میں ہیں۔ وہ ہفتہ کی دوپہر چھندواڑہ سے بھوپال کے راستے دہلی پہنچے ہیں۔ سیاسی حلقوں میں قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ مسٹر کمل ناتھ اپنے حامیوں کے ساتھ کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہو سکتے ہیں۔ کمل ناتھ کے کٹر حامی سمجھے جانے والے سابق ریاستی وزیر سجن سنگھ ورما کی سوشل میڈیا ایکس پر ایک پوسٹ موضوع بحث بن گئی ہے۔ انہوں نے ’’جئے شری رام‘‘ کے نعرے کے ساتھ اپنی تصویر پوسٹ کی ہے۔ اس میں وہ لکھتے ہیں، ’’تیرے رام، میرے رام، تجھ میں بھی رام، مجھ میں بھی رام، جئے شری رام‘‘۔