بھوپال:06؍جنوری:وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو کی مدھیہ پردیش میں قومی شاہراہوں کو وسعت دینے اور زیر التوا پروجیکٹوں کی عمل آوری میں تیزی لانے کی مسلسل کوششوں کے اب مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ پیر کو نئی دہلی میں مدھیہ پردیش کے قومی شاہراہ پروجیکٹوں کی ایک جائزہ میٹنگ کے دوران، سڑک ٹرانسپورٹ اور قومی شاہراہوں کے مرکزی وزیر مسٹرنتن گڈکری نے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو کی کوششوں کی ستائش کی اور پروجیکٹوں کو رفتار دینے کے لیے ضروری سمت ہدایات دیں۔اس اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کا بنیادی مقصد ریاست میں جاری اور مجوزہ قومی شاہراہ کے پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائزہ لینا اور حصول اراضی، ماحولیاتی اور جنگلات کی منظوری جیسے مسائل کی وجہ سے رکے ہوئے پروجیکٹوں کو آگے بڑھانے کے لیے مربوط حل کی نشاندہی کرنا تھا۔وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے میٹنگ میں کہا کہ مدھیہ پردیش کے جغرافیائی محل وقوع اور وسیع رقبے کو دیکھتے ہوئے ریاست کی سڑکوں کی کثافت قومی اوسط سے کم ہے۔
جبکہ قومی سڑک کی کثافت 201.28 کلومیٹر فی 100 مربع کلومیٹر ہے،وہیں مدھیہ پردیش میںیہ 162.20 کلومیٹر فی 100 مربع کلومیٹر ہے۔ اسی طرح ریاست میں قومی شاہراہوں کی کل لمبائی بھی دیگر بڑی ریاستوں کے مقاملوں میں کم ہے۔