احمد آباد3جنوری: گجرات کے دارالحکومت گاندھی نگر میں ٹائیفائیڈ کے مریضوں کی تعداد میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں گزشتہ تین دنوں کے دوران 100 سے زائد افراد کو سول اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ سرکاری حکام کے مطابق ان میں بڑی تعداد بچوں کی ہے، جنہیں پیڈیاٹرک وارڈ میں رکھا گیا ہے۔ گجرات کے ڈپٹی چیف منسٹر ہرش سنگھوی نے ہفتہ کے روز گاندھی نگر سول اسپتال کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک 104 مشتبہ مریضوں کو داخل کیا جا چکا ہے، جن میں بچے بھی شامل ہیں۔ ہرش سنگھوی کے مطابق اسپتال میں علاج و معالجے کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے کے لیے 22 ڈاکٹروں پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ نائب کلکٹر سمیت سینئر افسران کو اسپتال اور متاثرہ علاقوں کی صورتحال کا جائزہ لینے کی ہدایت دی گئی ہے۔ مریضوں کے اہل خانہ کے لیے خوراک اور دیگر بنیادی سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بھی اس معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ضلع کلکٹر سے تین مرتبہ فون پر بات کی اور کہا کہ وہ شام میں دوبارہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیں گے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ ’’فی الحال 104 مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ انتظامیہ علاج اور نگرانی کے انتظامات کو مسلسل مضبوط بنا رہی ہے۔ مریضوں اور ان کے اہل خانہ کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔









