بھوپال 27دسمبر:وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے سنیچرکو ستنا کے گورنمنٹ میڈیکل کالج میں 383 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے 650 بستروں پر مشتمل اسپتال کی نئی عمارت کابھومی پوجن کیا۔ اسپتال عمارت کی تعمیر ہوجانے سے میڈیکل کالج کے نزدیک650 بستروں کے جدید اسپتال کی سہولت دستیاب ہو جائیگی ۔ میڈیکل کالج کے طلباء کو علاج کی پریکٹس کے لیے اب دور نہیں جانا پڑے گا۔ ستنا شہر میں ہی جدید اسپتال کی سوغات ملے گی۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے ضلع اسپتال ستنا میں بننے والے100بستری جدید وارڈ اور50بستری کریٹیکل کیئر ہیلتھ وارڈ کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ اس کی لاگت32کروڑ54لاکھ روپے ہے۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے ستنا میں100سیٹر لیبر ریسٹ ہائوس کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔ اس کی لاگت6کروڑ16لاکھ روپے ہے۔ اس موقع پر ضلع کے انچارج وزیر مسٹرکیلاش وجے ورگیہ، وزیر مملکت شہری ترقیات اور رہائشات شریمتی پرتیما باگری، ایم پی مسترگنیش سنگھ، ایم ایل اے چترکوٹ مسٹرسریندر سنگھ گہروار، عوامی نمائندے، میڈیکل کالج کے ڈین ڈاکٹر ایس پی گرگ، ڈاکٹر اور نرسنگ اسٹاف موجود رہا۔









