نئی دہلی ،27 دسمبر (یو این آئی )رانچی کا جے ایس سی اے گراؤنڈ ایک ایسی تاریخی حقیقت کا گواہ بنا جس کی بازگشت کرکٹ کی دنیا میں برسوں سنائی دے گی۔ موتیہاری کے ایک 26 سالہ نوجوان،سکیب الغنی نے جب میدان میں قدم رکھا، تو کسی کو اندازہ نہیں تھا کہ وہ محض ایک میچ کھیلنے نہیں، بلکہ تاریخ کا رخ موڑنے آیا ہے۔ انڈر-14 سے لے کر وجے ہزارے ٹرافی تک، سکیب نے ہر منزل پر اپنی دھاک بٹھائی، لیکن رانچی کا یہ میدان ان کے عروج کا مستند سند بن گیا۔ سکیب الغنی کا یہ عالمی ریکارڈ محض ایک اننگز نہیں، بلکہ ان تمام نوجوانوں کے لیے امید کی ایک کرن ہے جو چھوٹے شہروں میں بڑے خواب دیکھتے ہیں۔ ہندوستانی کرکٹ کے افق پر ایک ایسا ستارہ نمودار ہوا ہے جس کی چمک نے دنیا کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔ سکیب الغنی نے اپنے بلے کو شمشیر بنا کر میدانِ جنگ (کرکٹ گراؤنڈ) میں وہ جوہر دکھائے کہ ریکارڈز کے مینار زمین بوس ہو گئے۔ جب سکیب الغنی نے اروناچل پردیش کے خلاف محض 32 گیندوں پر سنچری داغ کر پورے ہندوستان میں سنسنی پھیلا دی۔ یہ صرف ایک سنچری نہیں تھی، بلکہ ایک اعلانِ جنگ تھا کہ اب چھوٹے شہروں کے کھلاڑی عالمی ریکارڈز پر قابض ہونے کے لیے تیار ہیں۔ 320 کے اسٹرائیک ریٹ سے کھیلی گئی یہ اننگز کرکٹ کی کتابوں میں ‘سونامی کے نام سے یاد رکھی جائے گی۔ 40 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 128 رنز۔ 10 چوکے اور 12 فلک بوس چھکے۔ انہوں نے اپنی ہی ٹیم کے اوپنر وئبھو کا ریکارڈ محض ایک گھنٹے کے اندر توڑ دیا۔
محض 32 گیندوں پر تیز ترین سنچری داغنے والے سکیب الغنی کوئی اتفاقی نام نہیں ہیں، بلکہ وہ گزشتہ کئی برسوں سے بہار کی کرکٹ ٹیم کا ایک مضبوط ستون رہے ہیں۔ ان کی حالیہ تاریخی کارکردگی ان کی برسوں کی محنت اور مسلسل فارم کا نتیجہ ہے۔محمد منان غنی کے اس سپوت نے ثابت کر دیا کہ ٹیلنٹ کسی بڑے شہر یا اکیڈمی کا محتاج نہیں ہوتا۔سکیب الغنی نے اپنے پیشہ ورانہ کرکٹ (لسٹ-اے) کا آغاز 7 اکتوبر 2019 کو وجے ہزارے ٹرافی کے دوران کیا تھا۔ تب سے اب تک وہ مسلسل تین چار سیزن سے بہار کی ٹیم کا لازمی حصہ بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے گھریلو کرکٹ کے تمام فارمیٹس میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے،سکیب الغنی کا نام پہلی بار عالمی سطح پر تب گونجا جب انہوں نے رنجی ٹرافی میں میزورم کے خلاف اپنا پہلا میچ کھیلا۔ دنیا نے وہ منظر حیرت سے دیکھا جب ایک نووارد کھلاڑی نے اپنے پہلے ہی فرسٹ کلاس میچ میں 341 رنز کی ہمالیہ جیسی اننگز کھیل ڈالی۔ 56 چوکے اور دو چھکے، یہ اعداد و شمار گواہی دیتے ہیں کہ اس کھلاڑی کے اعصاب کتنے مضبوط ہیں۔ وہ دنیا کے پہلے بلے باز بنے جنہوں نے ڈیبیو (پہلا میچ) پر ٹرپل سنچری بنائی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ جس طرح سکیب الغنی نے 2019 میں ڈیبیو کے بعد سے خود کو نکھارا ہے، وہ دن دور نہیں جب وہ ہندوستانی قومی ٹیم کے دروازے پر دستک دیتے نظر آئیں گے۔وہ ایک ایسے کپتان کے طور پر بھی ابھرے ہیں جو نہ صرف ٹیم کو لیڈ کرتے ہیں بلکہ ضرورت پڑنے پر اپنے بلے سے ریکارڈز کا سینہ چاک کرنے کا حوصلہ بھی رکھتے ہیں۔ 2 ستمبر 1999 کو بہار کے ضلع موتہاری میں پیدا ہونے والا یہ نوجوان آج 26 سال کی عمر میں شہرت کی بلندیوں پر ہے۔ سکیب کی کہانی کسی فلمی اسکرپٹ سے کم نہیں۔ جب انڈر 19 میں قدم رکھا، تو سلیکٹرز کو یہ باور کرا دیا کہ ان کے پاس ایک ہیرا موجود ہے۔ جو ایک بہترین دائیں ہاتھ کا بلے باز ہی نہیں، بلکہ ضرورت پڑنے پر اپنی میڈیم فاسٹ بولنگ سے حریفوں کے چھکے چھڑانے کا ہنر بھی جانتا ہے۔ ہندوستانی کرکٹ کا یہ نیا ‘سلطان’ اب رکنے والا نہیں ہے۔ سکیب الغنی کا بلا اب صرف رنز نہیں اگلتا، بلکہ وہ تاریخ لکھ رہا ہے، ایسی تاریخ جو نسلوں تک یاد رکھی جائے گی۔یہ ریکارڈ خود بولتا ہے۔
فرسٹ کلاس کرکٹ: 28 میچوں میں 2035 رنز، جن میں 5 سنچریاں اور 8 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ لسٹ اے: 33 میچوں میں 867 رنز، اور اب ہندوستان کی تیز ترین سنچری کا تاج ان کے سر پر ہے۔