ویلنگٹن، 11 دسمبر (یو این آئی ) ڈیوون کونوے (60) اور مچل ہے (61) کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت نیوزی لینڈ نے دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے دن پہلی اننگز میں 278 رنز بنا کر 73 رنز کی اہم برتری حاصل کرلی۔ دن کے اختتام تک کیوی بولرز نے ویسٹ انڈیز کی دوسری اننگز میں صرف 32 رنز پر دو اہم وکٹیں حاصل کرکے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی ہے۔نیوزی لینڈ نے اپنے گزشتہ روز کے 24 رنز بغیر نقصان کے اسکور سے کھیل کا آغاز کیا۔ صبح کے سیشن میں پہلا نقصان ٹام لیتھم (11) کی صورت میں ہوا جنہیں کیمار روچ نے بولڈ کیا۔ اس کے بعد کینو ولیمسن نے ڈیوون کونوے کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 67 رنز کی شراکت قائم کی، مگر اینڈرسن فلیپ نے ولیمسن کو 37 رنز پر بولڈ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو دوسری کامیابی دلوائی۔راچن رویندرا بھی صرف 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ڈیوون کونوے نے 108 گیندوں پر آٹھ چوکوں کی مدد سے 60 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، لیکن 36ویں اوور میں جسٹن گریوز نے انہیں آؤٹ کرکے نیوزی لینڈ کو چوتھا جھٹکا دیا۔ مچل ہے نے 93 گیندوں پر نو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 61 رنز بنائے۔ ڈیرل مچل (25)، گلین فلپز (18)، جیکب ڈفی (11) اور مائیکل رے (13) نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکے۔ بلیئر ٹکنر انجری کے باعث بیٹنگ کے لیے نہ آئے جبکہ زیکری فاکس 23 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے اینڈرسن فلیپ نے تین، کیمار روچ نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ جےڈن سیلز، او جے شیلڈز، جسٹن گریوز اور روسٹن چیز نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی دوسری اننگز کا آغاز بھی اچھا نہ ہوا، اور دن کے خاتمے تک 32 کے اسکور پر دو وکٹیں گر چکی تھیں۔ مہمان ٹیم اب بھی نیوزی لینڈ کے اسکور سے 41 رنز پیچھے ہے۔کریز پر برینڈن کنگ 15 اور کیوم ہوڈج 3 رنز کے ساتھ موجود ہیں۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے جیکب ڈفی اور مائیکل رے نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔









