بریسبین، 04 دسمبر (یواین آئی) – جو روٹ (ناٹ آؤٹ 135) کی شاندار سنچری اور زیک کراؤلی (76) کی نصف سنچری کی بدولت انگلینڈ نے ایشیز کے دوسرے ٹیسٹ کے افتتاحی دن جمعرات کے روز آسٹریلیا کے خلاف نو وکٹ پر 325 رنز بنا کر اپنی پوزیشن مضبوط کر لی۔روٹ نے آسٹریلیائی سرزمین پر اپنی سنچری بنانے کا طویل انتظار ختم کرتے ہوئے 202 گیندوں پر 15 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناٹ آوٹ 135 رنز بنائے۔ یہ ان کے کیریئر کی مجموعی طور پر 40ویں ٹیسٹ سنچری ہے۔آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے شاندار اسپیل کیا، جبکہ روٹ نے انتہائی پُرسکون اور باوقار بیٹنگ کرتے ہوئے بہترین سنچری اسکور کی۔ بریسبین کی روشنیوں میں دونوں عظیم کھلاڑیوں کی کارکردگی قابلِ دید رہی۔ اسٹارک نے پہلی ہی گیند سے شاندار لائن و لینتھ دکھائی اور انگلینڈ کو ابتدائی دو جھٹکے دیے۔ جیسے ہی انگلینڈ سنبھلتا دکھائی دیتا، اسٹارک ایک اور اہم وکٹ لے کر واپس جھٹکا دے دیتے۔دوسری طرف، روٹ نے ٹیم کے لئے شاندار اننگ کھیلی۔ ان کے چاروں طرف وکٹیں گرتی رہیں لیکن انہوں نے پرسکون انداز میں ٹیم کی اننگز کو سہارا دیا اور بالآخر آسٹریلوی سرزمین پر اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری بنائی۔ کراؤلی کی پراعتماد اننگز اور آخر میں روٹ و آرچر کی 61 رنز کی تیز شراکت نے انگلینڈ کو پہلے ہی دن 320 کے پار پہنچا دیا، جو پنک بال ٹیسٹ میں ایک مضبوط اسکور سمجھا جاتا ہے۔آج انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، مگر شروعات خراب رہی اور صرف پانچ رنز پر دو وکٹیں کھو دیں۔ اسٹارک نے بین ڈکیٹ اور اولی پوپ کو جلد پویلین بھیجا۔ اس کے بعد جو روٹ اور زیک کراؤلی نے ذمہ داری سنبھالی اور 117 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ 28ویں اوور میں مائیکل نیسر نے کراؤلی کو آؤٹ کر کے یہ پارٹنرشپ توڑی۔ کراؤلی نے 93 گیندوں پر 11 چوکوں کی مدد سے 76 رنز بنائے۔ہیری بروک 31، جبکہ کپتان بین اسٹوکس اور ویل جیکس 19، 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ 66ویں اوور میں روٹ نے بولینڈ کی گیند پر چوکا لگا کر اپنی سنچری مکمل کی اور گابا میں پہلے دن سنچری بنانے والے لیلینڈ کے بعد دوسرے انگلش بلے باز بنے۔ یہ آسٹریلیا کے خلاف ان کے طویل عرصے سے جاری سنچری کے انتظار کا بھی خاتمہ تھا؛ آسٹریلیا میں وہ اس سے قبل نو نصف سنچریاں بنا چکے تھے۔گس ایٹکنسن (4) اور برائیڈن کارس (0) کو اسٹارک نے 67ویں اوور میں آؤٹ کیا۔ کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے نو وکٹ پر 325 رنز بنائے تھے، روٹ 135 اور جوفرا آرچر 32 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔
آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے چھ وکٹیں حاصل کیں، جبکہ مائیکل نیسر اور اسکاٹ بولینڈ نے ایک ایک وکٹ لی۔