مدورئے،3 دسمبر (یو این آئی ) ہندوستان نے مردوں کے ایف آئی ایچ جونیئر ہاکی ورلڈ کپ 2025 کے اپنے آخری پول بی میچ میں سوئٹزرلینڈ کو 5-0 سے شکست دے کر اپنا ناقابلِ شکست ریکارڈ برقرار رکھا اور کوارٹر فائنل کے لیے بھی کوالیفائی کر لیا۔منمیت سنگھ نے 2ویں اور 11ویں منٹ میں دو گول کیے، شردانند تیواری نے 13ویں اور 54ویں منٹ میں دو گول کیے، جبکہ ارشدیپ سنگھ نے 28ویں منٹ میں ایک گول اسکور کیا۔ ہندوستان نے تینوں پول بی میچوں میں 9 پوائنٹس حاصل کیے اور ابھی تک کوئی گول نہیں کھایا۔میچ کا آغاز دوسرے منٹ میں منمیت سنگھ کے گول سے ہوا، 11ویں منٹ میں انہوں نے دوبارہ گول کر کےہندوستان کی برتری دوگنا کر دی۔ شردانند نے 13ویں منٹ میں پینالٹی کارنر سے اسکور 3-0 کیا۔ ارشدیپ نے 28ویں منٹ میں چوتھا گول کیا جبکہ شردانند نے میچ کے آخری لمحے میں ہندوستان کا پانچواں گول داغا اور پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔
ہندوستان کا اگلا کوارٹر فائنل میچ جمعہ کو چنئی میں بیلجیئم کے خلاف ہوگا۔ ہندوستان نے اب تک دو بار جونیئر ہاکی ورلڈ کپ جیتا ہے، آخری فتح 2016 میں لکھنئو میں حاصل ہوئی تھی۔









