پٹنہ 14نومبر: بہار اسمبلی انتخاب کا نتیجہ مہاگٹھ بندھن کے لیے مایوس کن ثابت ہوا ہے۔ این ڈی اے کی پارٹیوں کو اس اسمبلی انتخاب میں یکطرفہ جیت مل گئی ہے، اور وہ تقریباً 200 اسمبلی سیٹوں پر یا تو جیت حاصل کر چکی ہیں یا پھر آگے چل رہی ہیں۔ اس شاندار کامیابی کے بعد این ڈی اے میں جشن کا ماحول ہے۔ جگہ جگہ پٹاخے پھوٹ رہے ہیں اور مٹھائیاں تقسیم کی جا رہی ہیں۔ بی جے پی نے تو 16 نومبر کو بہار کے سبھی ضلع ہیڈکوارٹرس میں جیت کا جشن منانے کا اعلان بھی کر دیا ہے۔
بہار اسمبلی انتخاب میں این ڈی اے کی بہترین کارکردگی پر وزیر اعظم نریندر مودی کا پہلا رد عمل سامنے آ گیا ہے۔ انھوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’’یہ ترقی اور سُشاسن کی جیت ہے۔‘‘ ان کا کہنا ہے کہ ’’یہ سماجی انصاف اور عوامی فلاح کے جذبہ کی جیت ہے۔ بہار کے میرے باشندوں کا بہت بہت شکریہ، جنھوں نے 2025 کے اسمبلی انتخاب میں این ڈی اے کو تاریخی اور حیرت انگیز جیت کا آشیرواد دیا ہے۔ یہ زبردست مینڈیٹ ہمیں عوام کی خدمت کرنے اور بہار کے لیے نئے عزائم کے ساتھ کام کرنے کی طاقت فراہم کرے گا۔‘







