ڈنیڈن، 13 نومبر (یو این آئی) جیکب ڈفی (چار وکٹ) کی شاندار گیندبازی کے بعد ڈیوون کونوے (ناٹ آؤٹ 47) اور ٹِم رابنسن (45) کی بہترین بلے بازی کی بدولت نیوزی لینڈ نے پانچویں ٹی-20 میچ میں ویسٹ انڈیز کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز 3-1 سے اپنے نام کر لی۔ جیکب ڈفی کو ان کی شاندار کارکردگی پر ‘پلیئر آف دی میچ اور ‘پلیئر آف دی سیریز کے اعزاز سے نوازا گیا۔ نیوزی لینڈ نے آج ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کرنے آئی ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو جیکب ڈفی کی قیادت میں نیوزی لینڈ کے گیندبازوں نے 18.4 اوورز میں صرف 140 رن پر ڈھیر کر دیا۔
ویسٹ انڈیز کی شروعات انتہائی مایوس کن رہی، اس نے 2.5 اوور میں صرف 21 رنز پر اپنے چار وکٹ گنوا دیے۔ روسٹن چیز نے 32 گیندوں پر تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے سب سے زیادہ 38 رنز بنائے، جبکہ روماریو شیفرڈ نے 22 گیندوں پر تین چوکے اور تین چھکے لگاتے ہوئے 36 رنز اسکور کیے۔ جیسن ہولڈر (20)، کپتان شائے ہوپ اور روومان پاؤل نے 11-11 رنز کا تعاون دیا۔ نیوزی لینڈ کے مضبوط گیندبازی کے سامنے ویسٹ انڈیز کے سات بلے باز دوہرے ہندسے تک بھی نہ پہنچ سکے۔