نئی دہلی، 30 ستمبر (یو این آئی ) کھیلوں میں بہترین کارکردگی کو تسلیم کرنے اور انعام دینے کے لیے ہر سال اسپورٹس ایوارڈز پیش کیے جاتے ہیں۔ نوجوانوں کے امور اور کھیلوں کی وزارت، حکومت ہند، سالانہ کھیلوں کے ایوارڈز کے لیے درخواستیں طلب کرتی ہے۔ سال 2025 کے ان کھیلوں کے ایوارڈز کے لیے درخواستیں طلب کرنے کے نوٹیفکیشن وزارت کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دیے گئے ہیں۔ متعلقہ ایوارڈز کے لیے اہل کھلاڑیوں/ کوچز/ اداروں سے درخواستیں طلب کی جاتی ہیں۔ یہ درخواستیں صرف ایک مخصوص پورٹل کے ذریعے آن لائن طلب کی جا رہی ہیں۔ اہل درخواست دہندگان کو ایوارڈز کے رہنما خطوط کے مطابق پورٹل پر ہی آن لائن درخواست دینا ہوگی۔ آن لائن درخواست فارم میں کسی بھی پریشانی کی صورت میں، درخواست دہندگان کسی بھی کام کے دن صبح 9:00 بجے سے شام 5:30 بجے کے درمیان ای میل اور فون کے ذریعے محکمہ کھیل سے رابطہ کرسکتے ہیں۔ اہل ایتھلیٹس/کوچز/اداروں کو 28 اکتوبر 2025 (یعنی منگل) کی رات 11:59 بجے تک آن لائن پورٹل کے ذریعے اپنی درخواستیں جمع کرانی ہوں گی۔میجر دھیان چند کھیل رتن ایوارڈ ایک کھلاڑی کی غیر معمولی اور شاندار کارکردگی کے لیے دیا جاتا ہے۔ ارجن ایوارڈ ایک کھلاڑی کی مسلسل شاندار کارکردگی کو تسلیم کرتا ہے۔ ارجن ایوارڈ (لائف ٹائم) کھیلوں کی ترقی میں تاحیات شراکت کے لیے دیا جاتا ہے، جب کہ دروناچاریہ ایوارڈ ان کوچز کو دیا جاتا ہے جنہوں نے باوقار بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں میں تمغہ جیتنے والے کھلاڑی تیار کیے ہیں۔ راشٹریہ کھیل پروتٹشاہن پرسکار (RKPP) کارپوریٹ اداروں (سرکاری/نجی) اور غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز) کو دیا جاتا ہے جنہوں نے ملک میں کھیلوں کے فروغ اور ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان اسکیموں کی ایک کاپی وزارت کی ویب سائٹ پر دیکھی جا سکتی ہے۔