شارجہ30 ستمبر(یو این آئی ) دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں نیپال نے ویسٹ انڈیز کو 90 رنز سے ہرا کر انٹرنیشنل کرکٹ کا بڑا اپ سیٹ کردیا اور 3 میچوں کی سیریز میں 0-2کی فیصلہ کن برتری بھی حاصل کرلی۔شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں نیپال نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں 6 وکٹ پر 173رنز بنائے۔نیپال کی جانب سے آصف شیخ نے 8 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 68 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی۔ اْن کے علاوہ سندیپ جورا نے 63 رنز 3 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے بنائے۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے عقیل حسین اور کائل میئرز نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم صرف 83 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر 21رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔نیپال کی جانب سے محمد عادل عالم نے 24 رنز کے عوض 4 اور خوشحال بھورتل نے 16 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔نیپال کی ٹیم نے نہ صرف ویسٹ انڈیز کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے بلکہ آئی سی سی کے فل ممبر کی ٹیم کے خلاف پہلی مرتبہ سیریز جیتنے میں بھی کامیاب ہوئی ہے۔آصف شیخ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
دریں اثنا سابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ چیمپئن ویسٹ انڈیز کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں نیپال کے ہاتھوں تاریخی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ نیپال نے تین میچوں کی سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کرتے ہوئے پہلی مرتبہ کسی آئی سی سی فل ممبر ٹیم کے خلاف سیریز جیت لی۔ ویسٹ انڈیز کے کپتان عقیل حسین اپنی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی پر اپنی ٹیم پر پھٹ پڑے ۔ میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ جلد سمجھنا ہوگا کہ یہ انٹرنیشنل کرکٹ ہے۔ عقیل حسین نے کہا کہ اگر آپ بنچ مارک قائم کرنا چاہتے ہیں اور اس سطح پر نہیں پہنچ پاتے تو پھر آپ کو آئینہ دیکھنا چاہیے اور خود سے سوال کرنا چاہیے کہ کیا ہم واقعی انٹرنیشنل سطح کے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب ایک ٹیم مسلسل اکٹھی کھیل رہی ہو تو اسے پلان کے مطابق کھیلنا چاہیے، یہ صرف ناموں اور ماضی کی بات نہیں بلکہ یہ دیکھنا ہوگا کہ ہم اب کیا کر رہے ہیں اور ہمیں جلد از جلد کنڈیشنز سمجھنا ہوں گی۔ عقیل حسین نے نیپالی بیٹرز کی تعریف بھی کی جنہوں نے دوسری ٹی ٹوئنٹی میں 174 رنز کا بڑا ہدف دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے بالرز کو کم رنز دینے چاہیئے تھے جبکہ بیٹنگ میں بھی پاور پلے میں دو وکٹوں کے نقصان پر صرف 16 رنز بنانے کے بعد صورتحال ان کنڈیشنز میں مشکل ہوتی ہے۔ واضح رہے کہ نیپال نے شارجہ میں کھیلی جانے والی تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں ویسٹ انڈیز کو دو صفر سے شکست دے کر تاریخ رقم کی ہے، سیریز کا تیسرا اور آخری میچ آج شارجہ میں کھیلا جائے گا۔