دبئی 28 ستمب(یو این آئی ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی)کے زیر اہتمام خواتین کرکٹ ورلڈ کپ کا تیرہواں ایڈیشن 30ستمبر سے میزبان ممالک ہندوستان اور سری لنکا میں شروع ہوگا۔ 50 اوورز کے میگا ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں عروج پر ہیں جس کے باضابطہ آغاز میں ایک دن باقی رہ گیا ہے ۔ ہندوستان کو یہ 1978، 1997 اور 2013 کے ایڈیشن کے بعد خواتین کے عالمی کپ کی میزبانی کرنے کا چوتھا موقع ملا ہے جبکہ سری لنکا پہلی بار میگا ایونٹ کی میزبانی کر رہا ہے۔
آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں 8 مختلف ممالک کی ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے نبرد آزما ہوں گی جن میں میزبان سری لنکااورہندوستان،نیوزی لینڈ ،دفاعی چیمپئن آسٹریلیا،بنگلہ دیش، انگلینڈ،پاکستان اورجنوبی افریقا شامل ہیں۔ آسٹریلیا کی ٹیم ٹائٹل کے دفاع کے لئے ایکشن میں ہوگی۔آسٹریلیا کی ویمنزٹیم نے 2022 میں اپنا ساتواں ٹائٹل جیتا تھا۔ ٹورنامنٹ رائونڈ رابن اورناک آئوٹ سسٹم کی بنیاد پر کھیلا جائے گا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے جون 2025 میں تصدیق کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ یہ میگا ٹورنامنٹ 30 ستمبر سے 2 نومبر 2025 تک ہوگا۔ ٹورنامنٹ کے میچز کے لئے بھی آئی سی سی نے ہندوستان اور سری لنکا میں فائنل وینیوز کا اعلان کیا تھا۔ہندوستان میں بنگلورو، گوہاٹی، اندور، اور وشاکھاپٹنم اور سری لنکا میں کولمبو کے شہروں کا ابتدائی طور پر مقامات کے طور پر اعلان کیا گیا تھا لیکن اس سے اگلے ماہ آئی سی سی نے بنگلورو کے مقام کو نوی ممبئی میں ڈی وائی پاٹل سٹیڈیم سے تبدیل کر دیا تھا۔
میگا ایونٹ کا ایک سیمی فائنل میچ نوی ممبئی کے ڈی وائی پاٹل سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرے سیمی فائنل اور فائنل کے مقامات کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔30 ستمبر کو میگا ایونٹ کا ابتدائی میچ میزبان ممالک ہندوستان اور سری لنکن ٹیموں کے درمیان بارساپارہ کرکٹ اسٹیڈیم، گوہاٹی میں کھیلا جائے ۔میگا ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل میچ 29 اکتوبر،دوسرا سیمی فائنل میچ 30 اکتوبرکو کھیلا جائے گاجبکہ میگا ایونٹ کا فائنل معرکہ 2نومبر کو ہوگا۔