نئی دہلی، 23 ستمبر (یو این آئی) دارالحکومت میں منعقد ہونے والی پہلی عالمی پیرا ایتھلیٹکس چیمپئن شپ 2025 میں صرف دو دن باقی رہ گئے ہیں، نوجوانوں کے امور اور کھیلوں کے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ منڈاویہ نے منگل کو جواہر لال نہرو (جے ایل این) اسٹیڈیم کا دورہ کرکے اس بڑے ایونٹ کی حتمی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ یہ اس پیمانے کے عالمی مقابلوں کی میزبانی کرنے کی ہندوستان کی صلاحیت میں ایک نئے باب کی نشاندہی کرتا ہے، جس سے بین الاقوامی کھیلوں کے مرکز کے طور پر ملک کی پوزیشن مزید مضبوط ہوتی ہے۔ کھیل اور نوجوانوں کے امور کی وزیر مملکت محترمہ رکشا کھڈسے نے ڈاکٹر منڈاویہ کے ساتھ کھلاڑیوں سے ملاقات اور بات چیت کی۔ مقامی آرگنائزنگ کمیٹی، پیرا اولمپک کمیٹی آف انڈیا (پی سی آئی ) اور وزارت کھیل کے کئی سینئر عہدیداروں نے بھی معائنہ میں حصہ لیا۔ ڈاکٹر منڈاویہ نے اسٹیڈیم کا تفصیلی دورہ کیا، جس میں ایکریڈیٹیشن سینٹر، میڈیکل سینٹر، نئے تعمیر شدہ وارم اپ ایریا اور مین مونڈو ٹریک جیسےزون شامل تھے، جس کا انہوں نے 29 اگست 2025 کو افتتاح کیا تھا۔ چیمپئن شپ کے دوران، یہ ٹریک 10 سے زائد ممالک کے دنیا کے چند بہترین پیرا ایتھلیٹس کی میزبانی کرے گا۔ میزبان ملک کے کل 73 پیرا ایتھلیٹس ٹاپ پوزیشن کے لیے مقابلہ کریں گے۔ معائنہ کے دوران، ڈاکٹر منڈاویہ نے کہا وزیر اعظم نریندر مودی کی دور اندیش قیادت میں ہندوستان بڑے بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں کی میزبانی کے لیے ایک قابل اعتماد مقام کے طور پر ابھرا ہے۔ ان کا یہ یقین کہ دنیا ایک خاندان ہے – ‘واسودھئیو کٹمبکم – ہمیں دنیا بھر کے کھلاڑیوں کو ہندوستانی سرزمین پر اکٹھا کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔









