لاہور، 20 ستمبر (یو این آئی) تاجمین برٹس (ناٹ آؤٹ 171)، لورا وولوارڈ (100) اور پھر نیڈین ڈی کلرک (تین وکٹوں) کی شاندار کارکردگی کی بدولت جنوبی افریقہ کی خواتین ٹیم نے بارش سے متاثرہ دوسرے میچ میں پاکستان کو ڈک ورتھ لوئس اسٹرن میتھڈ (ڈی ایل ایس میتھڈ) کے تحت 25 رنز سے شکست دے دی۔ اس کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ نے تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی ہے۔
313 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز اچھا نہیں رہا اور اس نے تیسرے اوور میں ہی منیبہ علی (1) کا وکٹ گنوا دیا۔ اس کے بعد عمائمہ سہیل اور سدرہ امین کی جوڑی نے اننگ کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ مساباتا کلاس نے 11ویں اوور میں عمائمہ سہیل (43) کو آؤٹ کر کے شراکت کو توڑا۔ عالیہ ریاض (18) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔
سدرہ امین اور نتالیہ پرویز نے چوتھے وکٹ کے لیے 146 رنز جوڑے۔ کلو ٹرائن نے سدرہ امین (122) کو بولڈ کر کے اس شراکت کا خاتمہ کیا۔ اس کے بعد پاکستانی بلے بازوں نے وقفے وقفے سے جنوبی افریقہ کے باؤلنگ اٹیک کے سامنے وکٹیں گنوائیں۔ نتالیہ پرویز نے 60 گیندوں پر 73 رنز بنائے۔ رامین شمیم 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ باقی بلے باز دوہرے ہندسے تک پہنچنے میں ناکام رہے۔ پاکستان 44.4 اوورز میں 287 رنز پر آل آؤٹ ہو گیا۔ تاجمین برٹس کو 171 رنز کی شاندار اننگ کھیلنے پر میچ کی بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔جنوبی افریقہ کی جانب سے نیڈین ڈی کلرک نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ ماریزان کپ اور چلو ٹرائیون نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
مساباتا کلاس، نونڈومیسو شانگاسے نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ جمعہ کی شب کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی خاتون ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کرنے اتری جنوبی افریقہ کے لئے تاجمین برٹس اور لورا وولوارڈٹ کی اوپننگ جوڑی نے اچھی شروعات کی اور پہلے وکٹ کے لیے 260 رنز جوڑے۔ 44ویں اوور کی پہلی گیند پر ڈیانا بیگ نے لورا وولوارڈٹ کو آؤٹ کر کے پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ اسی اوور کی اگلی گیند پربیگ نے نیڈین ڈی کلرک (0) کو آؤٹ کر کے جنوبی افریقہ کو دوہرا جھٹکا دیا۔ لورا ولوارڈٹ نے 129 گیندوں میں 10 چوکے لگا کر (100) رنز بنائے۔ اینری ڈرکسن (3) رن پر آؤٹ ہوئیں۔ بارش سے متاثرہ میچ میں جنوبی افریقہ نے 46 اوورز میں تین وکٹوں پر 292 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے ڈیانا بیگ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔