ممبئی 10ستمبر: بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ ایشوریہ رائے بچن نے گزشتہ دنوں ذاتی حقوق (پرسنل رائٹس) کے تحفظ معاملہ پر دہلی ہائی کورٹ میں عرضی داخل کی تھی۔ اب ان کے شوہر اور مشہور اداکار ابھشیک بچن نے بھی دہلی ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔ انھوں نے بھی فرضی اے آئی مواد، یعنی مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ مواد پر پابندی لگانے کا مطالبہ عدالت سے کیا ہے۔ اس معاملے میں آج (10 ستمبر) عدالت میں سماعت بھی ہوئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ابھشیک بچن نے بھی اپنی شبیہ اور پرائیویسی کی سیکورٹی کو توجہ میں رکھتے ہوئے ہائی کورٹ میں عرضی داخل کی۔ ہے۔ اس میں عدالت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ان کی تصویروں اور ویڈیوز کا فرضی طریقے سے استعمال کرنے والی ویب سائٹس پر روک لگائی جائے۔ خاص طور سے اداکار نے اے آئی کے ذریعہ بنائی گئی فرضی ویڈیو اور فحش مواد کے خلاف سخت ایکشن لینے کے لیے کہا ہے۔ اس معاملے میں ابھشیک بچن کے وکیل امت نائک کا بیان بھی سامنے آیا ہے۔ انھوں نے ابھشیک کے اس قدم کو وقت کا مطالبہ قرار دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’ایسا حکم وقت کا مطالبہ ہے۔ خاص طور سے اے آئی اور دیگر ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعہ مشہور ہستیوں کے ساتھ جو غلط سلوک ہو رہا ہے، اسے روکنا بے حد ضروری ہے۔
‘‘ اس سے قبل انل کپور اور جیکی شراف جیسے اداکار بھی اپنے ذاتی حقوق کی تحفظ کے لیے آواز اٹھا چکے ہیں۔









