سری نگر،23 اگست(یو این آئی) شہرہ آفاق جھیل ڈل پرتین روزہ ’کھیلو انڈیا واٹر اسپورٹس فیسٹیول‘ ہفتہ کی شام اختتام پذیر ہوا، جس میں ملک بھر سے آئے کھلاڑیوں نے اپنی صلا حیتوں کے جوہر دکھائے۔ اس میلے میں مدھیہ پردیش نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 18 تمغے جیتے، جن میں 10 طلائی، تین چاندی اور پانچ کانسی کے تمغے شامل ہیں۔
یوں مدھیہ پردیش نے تمغوں کی دوڑ میں سبقت حاصل کر کے پہلی پوزیشن پر قبضہ جمایا اور ٹیم چیمپئن شپ کا اعزاز اپنے نام کیا۔مدھیہ پردیش کے کھلاڑیوں نے کل چار کائیکنگ اور کینوئنگ ایونٹس میں سونے کے تمغے جیتنے کے بعد آج کے اختتامی دن مزید چھ طلائی تمغے اپنے نام کر لیے۔ادھر اڑیسہ اور کیرالO کے کھلاڑیوں نے بھی عمدہ کارکردگی دکھائی، جنہیں اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کے ٹریننگ مراکز جگت پور اور الپوزہا سے تربیت ملی تھی۔
کھیلو انڈیا سے وابستہ اکیس ایتھلیٹس، جو سبھی روئنگ ایونٹس سے تعلق رکھتے ہیں، نے دس ایونٹس میں حصہ لیا اور دو طلائی، دو چاندی اور دو کانسی کے تمغے جیتے۔
یہ ایونٹ اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا اور جموں و کشمیر اسپورٹس کونسل کے اشتراک سے منعقد ہوا، جسے وادی کشمیر کی ثقافت اور ماحولیاتی ورثے کے جشن کے طور پر پیش کیا گیا۔