چنئی، 13 اگست (یو این آئی) دفاعی چیمپئن حیدرآباد سمیت کُل 16 ٹیمیں 18 اگست سے 9 ستمبر تک چنئی میں ہونے والے آل انڈیا بُچی بابو انویٹیشن کرکٹ ٹورنامنٹ میں حصہ لیں گی۔ ٹیک اسپورٹس کی سرپرستی میں منعقد ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں فاتح ٹیم کو تین لاکھ روپے اور رنر اَپ کو دو لاکھ روپے انعامی رقم دی جائے گی، یہ اطلاع تمل ناڈو کرکٹ ایسوسی ایشن (ٹی این سی اے) کے صدر اشوک سگامنی اور سکریٹری آر آئی پلانی نے کل رات یہاں پریس کانفرنس میں دی۔گزشتہ سال اس ٹورنامنٹ میں 12 ٹیمیں شریک تھیں لیکن اس بار 16 ٹیمیں کھیلیں گی اور تمام میچز چنئی میں ہوں گے۔ پچھلے دو برسوں سے اس کا انعقاد اضلاع میں کیا جا رہا تھا تاکہ دیہی سطح پر کھیل کو فروغ دیا جا سکے۔گروپ مرحلے کے میچ تین روزہ ہوں گے، جن میں پہلی اننگز زیادہ سے زیادہ 90 اوور اور دوسری اننگز 45 اوور کی ہوگی۔ ٹیموں کو چار گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ لیگ مرحلے میں ہر ٹیم تین میچ کھیلے گی اور ہر گروپ کی سرفہرست ٹیم 31 اگست سے 15 ستمبر تک ہونے والے سیمی فائنل اور 6 سے 9 ستمبر تک ہونے والے فائنل کے لیے کوالیفائی کرے گی۔
حیدرآباد گزشتہ سال ڈنڈیگل میں ہونے والے فائنل میں چھتیس گڑھ کو شکست دے کر موجودہ چیمپئن ہے۔یہ ہندوستانی کرکٹ کیلنڈر کا سب سے پرانا اور باوقار ٹورنامنٹ ہے، جس میں سنیل گاوسکر جیسے عظیم کھلاڑی بھی اپنی ٹیموں کی نمائندگی کر چکے ہیں۔
اس ٹورنامنٹ کو آنے والے رنجی ٹرافی سیزن کے لئےایک اہم تیاری کے طور پر بھی تصور کیا جاتا ہے۔