تاروبا ، 13 اگست (یو این آئی) کپتان شائی ہوپ (ناٹ آؤٹ 120) کی طوفانی اننگز اور جیڈن سیلز (چھ وکٹ) کی شاندار گیندبازی کی بدولت ویسٹ انڈیز نے تیسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان کو ریکارڈ 202 رنز سے شکست دے کر 34 سال بعد ایک روزہ سیریز 2-1 سے اپنے نام کر لی۔295 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی شروعات نہایت مایوس کن رہی۔ تیسرے اوور میں محض آٹھ کے اسکور پر اس کے تین کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔ صائم ایوب، عبداللہ شفیق اور کپتان محمد رضوان کو جیڈن سیلز نے بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ کر دیا۔ سیلز نے اگلا شکار بابر اعظم (نو) کو بنایا۔ آغا سلمان نے اپنی ٹیم کے لیے سب سے زیادہ 30 رنز بنائے اور گڈاکیش موتی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ حسن نواز نے 13 اور نسیم شاہ نے چھ رنز بنائے۔ویسٹ انڈیز کے گیندبازوں نے پاکستان کی پوری ٹیم کو 29.2 اوور میں 92 رنز پر ڈھیر کر دیا اور 34 سال بعد ایک روزہ سیریز میں 202 رنز سے فتح حاصل کی۔ محمد نواز 23 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سے جیڈن سیلز نے 7.2 اوور میں 18 رنز دے کر چھ وکٹ لیے، جو مردوں کے ایک روزہ کرکٹ میں کسی ویسٹ انڈین گیندبازکی تیسری بہترین کارکردگی ہے۔ گڈاکیش موتی کو دو وکٹ ملے جبکہ روستن چیز نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔اس سے پہلے، منگل کو ٹرینیڈاڈ کے برائن لارا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فیصلہ کن میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ ویسٹ انڈیز کی شروعات اچھی نہ رہی اور اس نے صرف 10 رنز پر برینڈن کنگ (پانچ) کا وکٹ گنوا دیا۔ اس کے بعد کیسی کارٹی اور ایون لوئس نے دوسرے وکٹ کے لیے 47 رنز جوڑے لیکن ابرار احمد نے ایون لوئس (37) کو آؤٹ کر دیا۔
شائی ہوپ نے کیسی کارٹی کے ساتھ اننگز سنبھالنے کی کوشش کی لیکن 20ویں اوور میں ابرار نے کیسی کارٹی (17) کو ایل بی ڈبلیو کر کے تیسرا جھٹکا دیا۔ شرفین ردرفورڈ (15)، روستن چیز (36) اور گڈاکیش موتی پانچ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد جسٹن گریوز اور شائی ہوپ نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 50 اوور میں چھ وکٹ پر 294 رنز کا اسکور کھڑا کیا۔ جب 42ویں اوور میں گڈاکیش موتی پانچ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو اس وقت ٹیم کا اسکور 184/6 تھا، لیکن دونوں بلے بازوں نے ساتویں وکٹ کے لیے ناٹ آوٹ 110 رنز کی شراکت قائم کی۔
شائی ہوپ نے 94 گیندوں پر 10 چوکے اور پانچ چھکے لگا کر (ناٹ آؤٹ 120) رنز بنائے، جبکہ جسٹن گریوز نے 24 گیندوں پر 43 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں چار چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔
پاکستان کی طرف سے نسیم شاہ اور ابرار احمد نے دو، دو وکٹ لیے، جبکہ ایوب اور محمد نواز کو ایک، ایک وکٹ ملی۔









