احمد آباد/نئی دہلی، 27 جولائی (یو این آئی) مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ کی قیادت میں آج مرکزی مسلح پولیس فورسز (سی اے پی ایف)، نیشنل سروس اسکیم (اے ایس ایس)، نہرو یووا کیندر سنگٹھن (این وائی کے ایس)، گجرات ودیاپیٹھ کے اہلکار ، مقامی سائیکلنگ گروپ اورفٹنیس کے تئیں پرجوش 800 سے زیادہ شرکاء نے کارگل کے بہادروں کے اعزاز میں ’سنڈے آن سائیکل‘ مہم میں حصہ لیا۔ملک بھر میں 6000 سے زیادہ مقامات پر منعقد ہونے والے اس پروگرام میں لوگ کارگل جنگ کے بہادروں کو سلام پیش کرنے اور ایک صحت مند، فٹ انڈیا کو فروغ دینے کے دوہرے مشن کے لیے اکٹھا ہوئے۔
سی اے پی ایف کے اہلکاروں نے خصوصی شرکاء کے طور پر کلیدی کردار ادا کیا۔ سری نگر سیکٹر سی آر پی ایف کی طرف سے سری نگر میں ایک بڑی ریلی نکالی گئی جس میں افسران اور جوانوں نے تاریخی لال چوک گھنٹہ گھر سے ایس کے آئی سی سی سری نگر تک سائیکل چلا کر قومی فخر اور اتحاد کا پیغام دیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مانڈویہ نے کہا، ’’ہر سال 26 جولائی کو کارگل وجے دیوس پر ہم اپنے سپاہیوں کی بہادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ اسی جذبے کو آگے بڑھاتے ہوئے، آج ہم نے ’سنڈے آن سائیکل‘ مہم میں اپنی مسلح افواج کے ساتھ فخر سے ہاتھ ملایا۔ مجھے اپنے بہادر سپاہیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مسلح فورسز اور مرکزی مسلح پولیس فورسز (سی اے پی ایف) کے جوانوں کےساتھ سائیکل چلانے کا موقع ملا۔‘‘ڈاکٹر مانڈویہ نے کہا، ’’ایک وکست بھارت کا خواب ایک صحت مند بھارت سے شروع ہوتا ہے۔‘‘ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی،’’ہم کم از کم ایک گھنٹہ سائیکل چلانے یا جسمانی سرگرمی کے لیے وقف کریں۔ ‘‘
دہلی میں، ابر آلود آسمان کے باوجود کناٹ پلیس میں منعقدہ ’سنڈے آن سائیکل‘ ایونٹ میں ایک ہزار سے زیادہ لوگوں نے شرکت کی۔ اس تقریب کو شور فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ایک پرجوش بائیکنگ ریلی نے مزید تقویت بخشی، جس کی قیادت میں نوجوانوں کے ایک گروپ نے شہر بھر میں نعرے لگائے اور کارگل کے شہیدوں کی یاد میں ترنگا لہرایا۔کارگل جنگ کے سابق سپاہی کرنل بخشی نے کہا، ’’اس پہل نے ہر عمر کے لوگوں کو اکٹھا کیا ہے۔ تقریباً 70 سال کی عمر میں، مجھے اس متاثر کن پہل کا حصہ بننے پر فخر محسوس ہورہا ہے۔‘‘