نئی دہلی، 25 جولائی (یواین آئی) ورلڈ باکسنگ کپ برازیل اور ورلڈ باکسنگ کپ-آستانہ قازقستان 2025 میں بالترتیب طلائی اور چاندی کا تمغہ جیتنے والے ہندوستان کے 70 کلوگرام وزن کے زمرے کے باکسر ہتیش گولیا کا کہنا ہے کہ وہ اپنے کھیل کو مزید بہتر بنانے کے لیے اپنی رفتار بڑھانے اور جارحانہ صلاحیتوں کو نکھارنے پر کام کر رہے ہیں۔دونوں مقابلوں میں حصہ لینے والی ہندوستانی باکسنگ ٹیم کی عزت افزائی کے موقع پر یو این آئی کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں گُلیا نے کہا:”میرا فُٹ ورک کافی اچھا ہے۔ میں اپنی جارحیت اور رفتار بڑھانے پر کام کر رہا ہوں۔گُلیا اپنی باکسنگ طرز کو سست رفتار اور حکمتِ عملی پر مبنی قرار دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا:”مجھے مقابلے کے دوران حریف کا تجزیہ کرنا اور اسی کے مطابق اپنی کھیل کی حکمتِ عملی کو ڈھالنا پسند ہے۔ ہر حریف مختلف ہوتا ہے، اس لیے آپ کو لچکدار ہونا چاہیے۔20 سالہ گُلیا نے کہا کہ دونوں ٹورنامنٹ بہت اعلیٰ معیار کے تھے اور برازیل کے کائن اولیویرا کے خلاف ان کا مقابلہ اب تک کا سب سے مشکل مقابلہ تھا۔ گُلیا آستانہ میں سونے کے تمغے کے مقابلے میں اولیویرا سے 0-5 سے ہار گئے۔انہوں نے کہا، برازیل اور آستانہ میں تمام مقابلے مشکل تھے، لیکن آستانہ میں برازیلی کھلاڑی کے خلاف فائنل مقابلہ اب تک کا سب سے مشکل مقابلہ تھا۔جھجّڑ کے باکسر نے کہا کہ اب وہ 4 سے 14 ستمبر تک انگلینڈ کے لیورپول میں ہونے والی “ورلڈ باکسنگ چیمپئن شپ 2025 کی تیاری کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ باکسنگ کوچ سورنجے سنگھ اور بیجنگ اولمپک کے کانسے کے تمغہ یافتہ وِجندر سنگھ ان کے آئیڈیل ہیں۔









