چانگژاؤ، 24 جولائی (یواین آئی) اُنتی ہُڈّا نے جمعرات کے روز چائنا اوپن 2025 بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں ایک بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے سینئر ہم وطن اور دو بار کی اولمپک میڈل یافتہ پی وی سندھو کو شکست دے کر خواتین سنگلز کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ اسی دوران ساتوِک سائی راج رنکی ریڈی اور چراغ شیٹی کی جوڑی نے انڈونیشیا کے لیو رولی کارنانڈو اور باگس مولانا کو ہرا کر مردوں کے ڈبلز کوارٹر فائنل میں داخلہ حاصل کیا۔چین کے چانگژاؤ میں واقع اولمپک اسپورٹس سینٹر جمنیزیم میں کھیلے گئے مقابلے میں 19 سالہ انتی، جو بیڈمنٹن رینکنگ میں 35 ویں نمبر پر ہیں، نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سابق عالمی چیمپیئن سندھو کو ایک گھنٹہ 13 منٹ طویل میچ میں 21-16، 19-21، 21-13 سے شکست دی۔ یہ ہُڈّا کی سندھو کے خلاف پہلی جیت ہے۔ان دونوں ہندوستانی کھلاڑیوں کا سامنا گزشتہ سال سیدمودی انڈیا انٹرنیشنل کے سیمی فائنل میں بھی ہوا تھا، جہاں سندھو نے سیدھے گیمز میں جیت حاصل کی تھی۔پہلے گیم کے آغاز میں انتی نے تجربہ کار سندھو کے شاندار شاٹس کا بخوبی مقابلہ کیا اور مڈ گیم بریک تک 11-9 کی معمولی برتری حاصل کی۔