رائن-روہر (جرمنی)، 21 جولائی (یواین آئی) ہندوستان کی مکسڈ ٹیم نے اتوار کے روز جرمنی کے رائن-روہر میں جاری ایف آئی ایس یو ورلڈ یونیورسٹی گیمز 2025 میں بیڈمنٹن میں تاریخی کانسے کا تمغہ جیتا۔ یہ اس مقابلے میں بیڈمنٹن کے شعبے میں ہندوستان کا پہلا تمغہ ہے۔ایف آئی ایس یو ورلڈ یونیورسٹی گیمز میں بیڈمنٹن کو 2007 میں شامل کیا گیا تھا، لیکن یہ پہلی مرتبہ ہے جب ہندوستان نے اس کھیل میں پوڈیم پر جگہ بنائی ہے۔ہندوستان نے کوارٹر فائنل میں ملیشیا کو سخت مقابلے میں 2-3 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی، جس سے کانسے کا تمغہ یقینی ہو گیا۔ اس مقابلے میں دونوں سیمی فائنل ہارنے والی ٹیموں کو کانسے کا تمغہ دیا جاتا ہے۔ یہ موجودہ ایف آئی ایس یو ورلڈ یونیورسٹی گیمز میں ہندوستان کا پہلا تمغہ بھی ہے۔سیمی فائنل میں ہندوستان کا مقابلہ چائنیز تائپے سے ہوا۔ مرد سنگلز میں ہندوستان کے ستیش کمار کروناکرن نے پہلا میچ کھیلا، لیکن وہ سو لی یانگ سے 1-2 سے ہار گئے۔ اس کے بعد خواتین سنگلز میں دیویکا سہیاگ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہوانگ چنگ پنگ کو 0-2 سے شکست دی اور اسکور 1-1 سے برابر کر دیا۔ تاہم، اس کے بعد چائنیز تائپے نے برتری حاصل کر لی۔ مرد ڈبلز میں سنیتھ دایانند اور ستیش کمار کروناکرن کی جوڑی کو چن زی رے اور لن یو چیہ کے خلاف 0-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
خواتین ڈبلز میں تسنیم میر اور ورشنی وشوناتھ شری کی جوڑی کو بھی ہو یِن ہوئی اور یانگ چو یُن سے 0-2 سے شکست ہوئی۔ اس شکست کے ساتھ ہندوستان کی سیمی فائنل میں ہار طے ہو گئی، اور پھر مکسڈ ڈبلز مقابلہ نہیں کھیلا گیا۔گروپ اسٹیج میں ہندوستان نے مکاؤ چائنا کو 0-5 سے ہرایا، جبکہ ہانگ کانگ کے خلاف اسے 3-2 سے قریبی شکست ملی۔ راؤنڈ آف 16 میں ہندوستان نے امریکہ کو 1-3 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔
اس وقت ہندوستان ایف آئی ایس یو میڈل ٹیبل میں 29 ویں مقام پر ہے، اس کے کھاتے میں صرف ایک تمغہ ہے۔ رائن-روہر 2025 کھیلوں میں 300 سے زائد ہندوستانی ایتھلیٹس حصہ لے رہے ہیں۔ یہ ٹورنامنٹ 27 جولائی تک جاری رہے گا، جس میں 18 کھیلوں میں تمغوں کے لیے مقابلے ہو رہے ہیں۔









