بڈاپسٹ 21 جولائی (یواین آئی) انڈر 23 ایشیائی چمپئن سمت نے پالک امرے اور ورگا جانوس میموریل 2025 ریسلنگ چمپئن شپ کے 60 کلوگرام گریکو رومن زمرے میں چاندی کا تمغہ جیتا اور انیل مور نے 55 کلوگرام زمرے میں کانسے کا تمغہ جیتا۔ ہندوستان نے ٹورنامنٹ میں اپنی مہم کا اختتام کل 10 تمغوں کے ساتھ کیا جن میں تین سونے، تین چاندی اور چار کانسے کے تمغے شامل ہیں۔چمپئن شپ کے آخری دن اتوار کو منعقدہ فائنل مقابلے میں ہندوستانی پہلوان کو یورپی چمپئن اور غیر اولمپک 60 کلوگرام کی عالمی چمپئن آذربائیجان کی نہت ممدالی کے ہاتھوں 1-5 سے شکست کے بعد چاندی کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا۔
سمت نے پری کوارٹر فائنل میں صادق لالائیف کو 9-3 سے، کوریا کے ڈیہیوم کم کو کوارٹر فائنل میں 7-4 سے شکست دی اور سیمی فائنل میں قازقستان کے گالم کبڈوناسروف کو 10-1 سے شکست دی۔اس کے ساتھ ہی ہندوستان کے انیل مور نے گریکو رومن 55 کلوگرام زمرے میں کانسے کا تمغہ جیتا۔ انہوں نے ازبکستان کے اکتھیور بوتیروف کو 7-4 سے شکست دی۔ اس سے قبل انیل نے مئی میں اولانبتار اوپن میں اسی زمرے میں طلائی تمغہ جیتا تھا۔اگرچہ انیل کو کوارٹر فائنل میں یورپی چمپئن ایمن سیفرشائیف کے ہاتھوں 1-6 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، لیکن انہوں نے ریپیچج میں مالڈووا کے آرٹیم ڈیلیانو کو 7-0 سے شکست دے کر کانسے کے تمغے کے مقابلے میں جگہ بنائی۔ہندوستان کے دیگر گریکو رومن پہلوانوں میں نیرج (67 کلوگرام) اور نتیش (97 کلوگرام) کوالیفکیشن راؤنڈ کو عبور نہیں کر سکے۔ نشانت (77 کلوگرام) کو بھی پہلے راؤنڈ میں ہنگری کے رابرٹ فرٹس نے 9-0 سے اور پھر ریپیچیج میں کوریا کے بوسونگ کانگ نے 4-0 سے شکست دی۔