بڈاپسٹ 20 جولائی (یو این آئی) دو بار کی عالمی کیڈٹس چمپئن پریا ملک نے پالک امرے اور ورگا جانوس میموریل 2025 کشتی ٹورنامنٹ میں خواتین کے 76 کلوگرام فری اسٹائل زمرے میں چاندی کا تمغہ جیتا۔ہنگری کے بڈاپسٹ میں ہفتہ کو کھیلے گئے فائنل میچ میں ہندوستان کی پریا ملک کو برازیل کے تھمیرس مارٹنز ماچاڈو کے خلاف 4-3 کے انتہائی قریبی فرق سے شکست کے بعد چاندی کے تمغے پراکتفا کرنا پڑا۔ہندوستانی پہلوان پریا نے کوارٹر فائنل میں ریو 2016 اولمپک میں کانسہ کا تمغہ جیتنے والی قزاقستان کی ایلمیرا سیزڈیکووا کو7-2سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کا آغاز کیا۔ اس کے بعدانہوں نے سیمی فائنل میں والیریا ٹریفونوا کے خلاف 11-1 سے زبردست جیت درج کی۔ہم وطن منیشا نے 62 کلوگرام زمرے میں کانسہ کا تمغہ جیتا۔ کانسہ کے تمغے کے لیے مقابلے میں منیشا نے کرسٹینا کو 9-0 سے ہرا کر جیت حاصل کی۔ہفتہ کو جیتےگئے تمغوں کے ساتھ ہی ہندوستان کے تمغوں کی تعداد آٹھ ہو گئی ہے۔اس میں تین سونے، دو چاندی اور تین کانسے کے تمغے شامل ہیں۔