نئی دہلی 15جولائی: گروپ کیپٹن شوبھانشو شکلا خلا میں 18 دن گزارنے کے بعد زمین پر واپس آگئے ہیں۔ ان نے ڈریگن کیپسول نے کیلیفورنیا کے قریب بحرالکاہل میں اسپلیش ڈاون کیا۔ ساتھیوں کی مدد سے کرو کو باہر نکالا گیا۔ خلا میں 18 دن گزارنے کے بعد واپس لوٹے شوبھانشو جب کیپسول سے باہر آئے تو ان کے چہرے پر مسکراہٹ تھی۔ انہوں نے ہاتھ اٹھا کر سب کا شکریہ ادا کیا ، پھر انہیں آئسولیشن روم میں لے جایا گیا۔ شوبھانشو اور دیگر خلابازوں کو اگلے ایک ہفتے کے لیے کوارنٹائن میں رکھا جائے گا۔یہ تاریخی واپسی Axiom-4 مشن کی کامیاب تکمیل ہے، جس میں شوبھانشو نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (ISS) پر 18 دن گزارے۔ 25 جون کو فلوریڈا کے کینیڈی اسپیس سینٹر سے شروع کیے گئے اس مشن کے دوران شوبھانشو نے پودوں کی نشوونما اور مائیکرو گریوٹی پر سائنسی تجربات کئے ۔ شوبھانشو کی ٹیم میں امریکہ کے تجربہ کار خلا باز پیگی وٹسن، پولینڈ کے سلاووس اجنانسکی اور ہنگری کے تبور کاپو شامل تھے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ہندوستانی خلاباز گروپ کیپٹن شوبھانشو شکلا کی واپسی پر ٹویٹ کرکے مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے لکھا کہ میں گروپ کیپٹن شوبھانشو شکلا کے استقبال میں قوم کے ساتھ شامل ہوں، جو اپنے تاریخی خلائی مشن کے بعد زمین پر واپس لوٹے ہیں۔ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن تک پہنچنے والے پہلے ہندوستانی کے طور پر، انہوں نے اپنی لگن، ہمت اور علمی جذبے کے ساتھ ایک ارب خوابوں کو متاثر کیا ہے۔ یہ ہمارے انسانی خلائی پرواز مشن – گگنیان کی سمت میں ایک اور سنگ میل ہے۔
وہیں مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ ‘ہندوستان نے آج خلا کی دنیا میں صحیح معنوں میں ایک مستقل مقام حاصل کر لیا ہے۔ یہ ہندوستان کے لیے فخر کا لمحہ ہے کیونکہ ہمارا ایک نامور بیٹا کامیاب سفر مکمل کر کے واپس آ رہا ہے…’وہیں بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے شوبھانشو کی کامیاب واپسی کے بعد لکھنؤ میں جشن کا ماحول ہے۔ شوبھانشو اصل میں لکھنؤ کے رہنے والے ہیں ۔ ان کا خاندان لکھنؤ میں ہے۔ اس موقع پر اہل خانہ نے ایک دوسرے کو مبارکباد دی اور کیک کاٹ کر جشن منایا۔